Live Updates: ضمنی انتخابات، مسلم لیگ نواز نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر میدان مار لیا
لاہور کے حلقہ پی پی 149 سے ن لیگ کی اتحادی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئےاستور ضمنی الیکشن، پی ٹی آئی امید وار محمد خورشید خان کامیاب،غیرحتمی غیرسرکاری نتیجہ
گلگت بلتستان میں ہونے والے ضمنی الیکشن کےغیرحتمی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق تحریک انصاف اپنی سیٹ بچانے میں کامیاب ہوگئی۔
وزیر اعلیٰ خالد خورشیدکی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کی وجہ سے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی خالی ہونے والی 13 استورون کی نشست پر ضمنی الیکشن کا انعقاد کیا گیا۔اس دوران حلقے کے تمام56 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل صبح8 سے شام 5بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔
تمام پولنگ اسٹیشنزکےغیرحتمی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار محمدخورشید خان کامیاب ہوگئے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف امیدوار خورشید خان 5996 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، مسلم لیگ ن کے فرمان علی5057 ووٹ لیکر دوسرے اور پیپلزپارٹی کے عبدالحمید خان 3863ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔
حلقے کے کل 56 پولنگ سٹیشنزمیں سے12 کو حساس جبکہ 44 پولنگ اسٹیشن کو نارمل قرار دیا گیا تھا، اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعدد 33378 ہے، مرد ووٹرز کی تعدد 18231 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعدد 15147 ہے۔
الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں
الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کی جانب سے ملک بھر میں ضمنی انتخابات کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔
عام انتخابات 2024 کے بعد قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 24 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہونا ہے جس کے لئے ای سی پی کی جانب سے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے بیلٹ پیپرز کیلئے خصوصی کاغذ کا انتظام کرلیا گیا ہے جبکہ ضمنی انتخابات کا شیڈول جلد ہی جاری ہوگا اور انتخابات میں الیکشن کمیشن کے افسران ہی ریٹرننگ افسر ( آر اوز ) ہوں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے صدر مملکت بننے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 کی نشست خالی ہوگئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے بھی اپنی اپنی قومی اسمبلی کی نشتییں چھوڑ دی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ایک قومی اور ایک پنجاب اسمبلی کی نشست چھوڑی ہے۔
ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان
الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان کردیا ۔
بدھ کے روز ای سی پی کی جانب سے ملک بھر میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کے لئے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے تحت 21 اپریل کو ملک بھر میں خالی نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کی 6 ، پنجاب کی 12 ، خیبر پختونخوا ( کے پی ) اور بلوچستان کی دو، دو نشستوں پر انتخاب ہوگا۔
علاوہ ازیں سندھ کی ایک صوبائی اسمبلی کی نشست پر بھی ضمنی انتخاب 21 اپریل کو ہوگا۔
ضمنی انتخابات؛ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد فہرست جاری
لاہور سے قومی اسمبلی کےایک،صوبائی اسمبلی کے4 حلقوں میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کاعمل مکمل کرلیا گیا۔
الیکشن کمیشن نےکاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد فہرست جاری کردی،این اے 119اور پی پی 164 سے حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے۔
این اے 119 سےعلی پرویز،شہزاد فاروق سمیت 12امیداروں کےکاغذات منظورکر لیے گئے، پی پی 158 سے مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔
پی پی 158 سےاختر حسین،یوسف علی سمیت 27 امیدواروں ،پی پی 149 سے شعیب صدیقی ،احسن اکرم سمیت 20 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے۔
پی پی 147 سےمحمد خان مدنی ،ماجد ظہور سمیت 19 امیداروں،پی پی 164 سے اختر حسین ،مرزا جاوید سمیت 27 امیداروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
الیکشن کمیشن نے این اے 148 ملتان کی نشست خالی قرار دے دی
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے این اے 148 ملتان کی نشست خالی قرار دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی این اے 148 ملتان کی نشست خالی قرار دے دی گئی۔ یوسف رضاگیلانی اسلام آباد سے جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کے سینیٹر بننے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ این اے 148 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول اسی ہفتے جاری کیا جائے گا۔
ضمنی انتخاب، پی پی 147 سے ملک ریاض کو ن لیگ کا ٹکٹ جاری
مسلم لیگ ( ن ) نے پنجاب اسمبلی کے صوبائی حلقہ پی پی 147 سے ضمنی انتخاب کے لئے سابق ممبر قومی اسمبلی ( ایم این اے ) ملک ریاض کو ٹکٹ جاری کردیا۔
عام انتخابات 2024 میں پی پی 147 سے نواز لیگ کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز منتخب ہوئے تھے تاہم انہوں نے صوبائی حلقہ کی سیٹ چھوڑ کر قومی اسمبلی کی نشست رکھی تھی۔
لازمی پڑھیں۔ ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان
پیر کے روز ن لیگ کی جانب سے سابق ایم این اے ملک ریاض کو پی پی 147 سے ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔
ملک ریاض شاہدرہ سے ن لیگ کے ایم این اے رہ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان کر رکھا ہے جس کے تحت قومی اسمبلی کی 6 ، پنجاب کی 12 ، خیبر پختونخوا ( کے پی ) اور بلوچستان کی دو، دو نشستوں پر 21 اپریل کو انتخاب ہوگا۔
چوہدری مونس الہٰی کو ضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی
لاہورہائیکورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل ںے مونس الہٰی کو ضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
لاہورہائیکورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل میں ریٹرنگ افسر کے فیصلے کیخلاف مونس الہیٰ کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ اپیلیٹ ٹریبونل نے ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قراردے کر مونس الہٰی کو ضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔
خیال رہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے سابق وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ کے صاحبزادے مونس الہٰی کے پی پی 158 کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے تھے۔
ایپلٹ ٹریبونل نے پرویز الٰہی کو ضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی
ایپلٹ ٹریبونل نے چوہدری پرویزالٰہی، مونس الہی، سمیرا الہی، زارا الہی اورریحانہ عباس کو ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔
ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس شاہد کریم نے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے اخلاف اپیلوں پرسماعت کی۔ مونس الہی ،پرویز الہی اور سمیرا الہی سمیت دیگر نے اپیلیں دائر کیں ۔ مونس الہی کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسر نے مونس الٰہی کے پی پی ایک سواٹھاون کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے ہیں۔ٹریبونل نے مونس الہی کی اپیل منظورکرلی اورانہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ۔
دوسری جانب ایپلٹ ٹریبونل نے سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کے پی پی بتیس گجرات سے کاغذات نامزدگی منظورکرلئے جبکہ سمیرا الہی ،زارا الہی ،ریحانہ عباس کوبھی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی اورریٹرننگ افسر کےکاغذات نامزدگی مسترد کرنےکے فیصلے کالعدم قرار دے دیئے ۔
ٹریبونل کے جسٹس شاہد بلال حسن سینٹ انتخابات میں صنم جاوید کوالیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دینے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔قراردیا کہ کسی کے بنیادی حقوق سلب نہیں کیے جاسکتے ہیں صنم جاوید الیکشن میں حصہ لینے کی اہل ہیں۔
جے یو آئی کا تحریک چلانے اور ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے حکومت کیخلاف تحریک چلانے اور تحریک چلانے اور ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
ویڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمارا کوئی امیدوار ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لےگا۔ عوام کو قابل بنانا ہےکہ وہ ووٹ کوتحفظ دے سکیں۔ انھوں نے کہا کہ جے یو آئی نے 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کو مسترد کیا ہے، 2024 کے انتخابات میں عوام کے حق رائے دہی پر شب خون مارا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ کم اور اسٹیبلشمنٹ کی زیادہ ہے، عوام کی طرف جانا ہوگا، انہیں اعتماد میں لینا ہوگا، عوام کو ووٹ کے حق کیلئے متحد کرنا ہوگا۔
قائد جےیوآئی نے عید کےبعد تحریک چلانے کااعلان کردیا، کہا فیصلے ایوان میں نہیں میدان میں ہوں گے، کہا 25 اپریل کو پشین میں بڑاجلسہ کریں گے،2 مئی کو کراچی،9مئی کو پشاور میں عوامی اسمبلی ہوگی۔
ضمنی انتخاب، این اے 119 میں علی پرویز ملک کو ن لیگ کا ٹکٹ جاری
مسلم لیگ نواز نے ضمنی انتخاب کے لئے این اے 119 میں علی پرویز ملک کو ٹکٹ جاری کر دیا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان کر رکھا ہے جس کے تحت قومی اسمبلی کی 6 ، پنجاب کی 12 ، خیبر پختونخوا ( کے پی ) اور بلوچستان کی دو، دو نشستوں پر 21 اپریل کو انتخاب ہوگا۔
لازمی پڑھیں۔ ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان
بدھ کو مسلم لیگ ن کی جانب سے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 کیلئے امیدوار کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق سابق ممبر قومی اسمبلی ( ایم این اے ) علی پرویز ملک اس حلقے سے ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے۔
علی پرویز ملک کو ٹکٹ ن لیگ کے صدر اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے جاری کیا گیا۔
لازمی پڑھیں۔ مسلم لیگ ن نے پی پی 147 سے امیدوار کا اعلان کر دیا
یاد رہے کہ عام انتخابات 2024 میں این اے 119 سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں تاہم، انہوں نے نشست چھوڑ دی تھی۔
2018 میں علی پرویز ملک اسی حلقہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
ضمنی انتخاب میں بھی پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان اتفاق نہ ہوسکا
سینیٹ کے بعد ضمنی انتخاب میں بھی پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان اتفاق رائے نہ ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ کے بعد ضمنی انتخاب میں بھی پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے مذاکرات ناکام ہوگئے اور مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کےامیدوار کے حق میں دستبردار ہونے سے انکار کردیا۔
راجن پورکی نشست پی پی266پر پیپلزپارٹی نے ممتاز چانگ کو امیدوار نامزد کردیا جبکہ مسلم لیگ ن بھی صفدر لغاری کو امیدوار نامزد کردیا، پیپلزپارٹی کا مؤقف ہے کہ ہمیں یہاں پر لیول پلئینگ فیلڈ تو دی جائے، پولیس کے ذریعے حلقے میں ہمارے امیدوار کیخلاف انتقامی کاروائیاں کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب مذاکرات میں شریک مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا کہ اس حلقے میں الیکشن نہیں ہوا تھا اس لیےتعاون کا فارمولہ یہاں لاگو نہیں ہوتا۔
ضمنی انتخابات، پنجاب کے مختلف اضلاع میں دفعہ 144 نافذ
پنجاب میں ضمنی انتخابات کے موقع پر مختلف اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر لاہور ، چکوال، قصور ، بھکر، وزیر آباد ، نارووال ، شیخوپورہ ، رحیم یار خان میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جس کا نفاذ 18 سے 22 اپریل تک کیا گیاہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ۔
ضمنی انتخاب کی مہم آج رات 12 بجے ختم، خلاف ورزی پر کارروائی کا عندیہ
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخاب کی مہم آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی عملے کی تربیت بھی مکمل کر لی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب کے لیے مہم رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے۔ مقررہ وقت کے بعد انتخابی مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں، ووٹرز اور سپورٹرز کو یاد دہانی کرا دی۔
دوسری طرف ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے ریٹرنگ افسران، پریذائیڈنگ افسران اورڈیٹا انٹری آپریٹرز کی ٹریننگ بھی مکمل ہوئی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ایک روزہ تربیت کو سات مراحل میں مکمل کیا گیا۔ قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں میں سترہ سے زائد پریذائیڈنگ افسران تعنیات ہوں گے۔ صوبائی اسمبلی کے سولہ حلقوں میں بائیس سو زائد پریذئیڈنگ افسران تعینات کئے جائیں گے۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اکیس حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ 21 اپریل کو ہوگی۔
ضمنی الیکشن؛لاہورکے قومی اسمبلی کے ایک جبکہ صوبائی اسمبلی کے4 حلقوں میں انتخاب ہوگا
لاہور کے قومی اسمبلی کے ایک جبکہ صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوگا۔
قومی اسمبلی کےاین اے119سے علی پرویز اورشہزاد فاروق سمیت 9 امیدوارں مدمقابل ہیں،جبکہ پی پی147لیگی امیدوارملک ریاض اور محمد خان مدنی سمیت گیارہ امیدوار مدمقابل ہیں۔
اس کے علاوہ پی پی 149 سے استحکام پاکستان پارٹی کےمحمد شعیب صدیقی اور قیصرشہزاد سمیت14امیدوار،پی پی 158 سے لیگی امیدوار چوہدری نواز اور سنی اتحاد کونسل کے مونس الہی سمیت 22 امیدوار آمنےسامنے ہیں۔
پی پی 164 سے لیگی رہنما راشد منہاس اور سنی اتحاد کونسل کے محمد یوسف سمیت بیس امیدوار مدمقابل ہیں۔
قصور: جلسے کے انعقاد پر شیرافضل مروت سمیت سیکڑوں کارکنان کیخلاف مقدمہ درج
قصور میں تھانہ کھڈیاں پولیس نے سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بغیر اجازت جلسے کے انعقاد پر مقدمہ درج کرلیا۔
ضمنی انتخاب کے سلسلے میں بغیر اجازت جلسے کے انعقاد پر سنی اتحاد کونسل کے رہنما شیر افضل مروت اور سردار محمد حسین ڈوگر سمیت 16 رہنماوں اور 500 سے زائد نامعلوم کارکنان کو مقدمے میں نامزد کیاگیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق سنی اتحاد کونسل کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کیطرف سے این او سی حاصل نہیں کیا گیا۔۔ جلسے میں ریاست مخالف بیانیہ اپنا کر لوگوں کو انتشار دلانے کی کوشش کی گئی۔
سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں نے اسلحہ کی نمائش کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ اور 144 کی خلاف ورزی کی۔ تھانہ کھڈیاں پولیس نے تعزیزات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
انٹرنیٹ بند کرنے کا مقصد الیکشن کو کنٹرول کرنا ہے، رؤف حسن کا دعویٰ
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن نے دعویٰ کیا ہے کہ 8 فروری کی طرح ضمنی الیکشن کے دوران بھی انٹرنیٹ بند کرنے کی اطلاعات ہیں جس کا مقصد الیکشن کو کنٹرول کرنا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رؤف حسن نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر چیف جسٹس آف پاکستان کو اپنے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف خط بھی لکھ دیا ہے۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن کے دوران انٹرنیٹ بند کرنے کی اطلاعات ہیں، 8 فروری کو بھی یہی ہوا تھا، یہ چاہتے ہیں کوئی کسی سے بات نہ کرے اور اس طرح یہ اپنی مرضی سے الیکشن کنٹرول کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھا ہے، یہ خط چیف جسٹس کے آفس کو مل بھی چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہمارے ساتھ ہورہا ہے اس کی ذمہ داری چیف جسٹس پر ہے، گزشتہ کچھ وقت سے جو عدلیہ کے حالات ہیں اس پر خط لکھا ہے۔
ضمنی انتخابات کے دوران چند اضلاع میں موبائل سروس معطل رہے گی
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وزارت داخلہ حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں 21 اور 22 اپریل 2024 کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رہے گی۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ فیصلہ انتخابی عمل کو بلا تعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کیا گیا ہے ۔
یاد رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں صوبے کے 13 اضلاع اور تحصیلوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی سفارش کی تھی۔
لاہور، قصور، شیخوپورہ، گجرات ، تلہ گنگ، چکوال، کلرکہار، علی پور چٹھہ، ظفر وال، بھکر، صادق آباد، کوٹ چھٹہ اور ڈیرہ غازی خان سٹی میں فون اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی شفارش کی گئی تھی۔
ضمنی انتخاب، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں کے نتائج آنا شروع
ملک کے قومی و صوبائی 21 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
5 قومی اور 16 صوبائی نشستوں پر 191 امیدوار مدمقابل ہیں۔
پی پی 32
گجرات کے صوبائی حلقہ پی پی 32 میں 8 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ کے امیدوار چوہدری موسیٰ الہیٰ 3 ہزار 150 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی ایک ہزار 185 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
کنڑول روم پولنگ کےدن اور نتائج کےموصول ہونےتک 24 گھنٹے کام کرے گا،الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن کنٹرول روم میں پولیس سمیت مختلف اداروں کےاہلکارموجود ہیں۔کنڑول روم عملےکا کہنا ہےکہ شہریوں کی جانب سے اب تک دس شکایات آئیں، شہریوں کی شکایات کودورکردیا گیا ہے۔
ڈی جی مانیٹرنگ کنٹرول روم کا کہنا ہےکہ تمام حلقوں میں پولنگ کا عمل پرامن طریقےسےجاری ہے،الیکشن کمیشن کےصوبائی،ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومزکام کررہےہیں،عوام شکایات کےاندراج کےلیےسینٹر کے عملہ سے رابطہ کر سکتے ہیں، 051111327000 پر شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔
نشستیں
قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر47 امیدوارمدمقابل ہیں جبکہ جو این اے 8 باجوڑ،این اے 44، ڈیرہ اسماعیل خان،این اے 119،لاہور،این اے 132،قصور اور این اے 196،قمبر شہداد کوٹ میں پنجہ آزمائی کریں گے۔
پنجاب اسمبلی
پنجاب اسمبلی کے 12 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہورہے ہیں،جن میں پی پی 22، چکوال کم تلہ گنگ، پی پی 32، گجرات، پی پی 36، وزیرآباد، پی پی 54، نارروال، پی پی 93، بھکر، پی پی 139، شیخوپورہ، لاہور میں پی پی 147، پی پی 149، پی پی 158، پی پی 164، پی پی 266، رحیم یار خان اور پی پی 290، ڈی جی خان شامل ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان کی 2 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوگا جن میں پی بی 20، خضدار اور پی بی 22، لسبیلہ شامل ہیں جبکہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ بھی آج ہوگی۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا اسمبلی کی دو نشستوں پی کے 22، باجوڑ اور پی کے 91، کوہاٹ پر امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔
صوبائی اسمبلیوں کے 16 حلقوں پر 191 امیدوار قسمت آزمائیں گے جبکہ عوامی نمائندوں کا انتخاب کرنے کیلئے 25 لاکھ 50 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔
فوج تعینات کرنے کی منظوری
ضمنی انتخابات کیلئےسخت حفاظتی انتظامات کئے گئے اور الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے فوج تعینات کرنے کی منظوری بھی دی ۔
پولنگ کےدوران سول آرمڈ فورسز کے علاوہ فوجی جوان بھی تعینات رہے۔
موبائل انٹرنیٹ سروس معطل
پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل رہےگی جن میں لاہور،گجرات ، ڈی جی خان ،شیخوپورہ ،صادق آباد،چکوال ،تلہ گنگ شامل ہیں جبکہ علی پور،ظفروال،بھکر،قصور،شیخوپورہ،کوٹ چٹھہ میں بھی موبائل سروس معطل رہے گی۔
پنجاب کے 2599 پولنگ اسٹیشنزمیں سے 419 انتہائی حساس،1081 حساس قرار
ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، پنجاب کے 2599 پولنگ اسٹیشنز میں سے 419 انتہائی حساس،1081 حساس قرار دیدیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق لیڈیزپولیس اہلکاروں سمیت 35 ہزار سےزائد افسران وجوان ضمنی الیکشن سکیورٹی پر تعینات ہیں، اسی حوالے سے آئی جی پنجاب کا کہنا ہےکہ پنجاب پولیس ضمنی الیکشن کے پرامن، شفاف اور محفوظ انعقادکیلئے تیار ہے، لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھادی گئی ہے، ووٹرز، پولنگ عملے، شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔
ڈاکٹرعثمان انور نےمزیدکہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پراضافی نفری،ڈولفن فورس، کوئیک رسپانس سمیت دیگرٹیمیں تعینات ہیں،الیکشن کمیشن کےضابطہ اخلاق پر من وعن عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔
144نافذ ہے،اسلحہ کی نمائش،ہوائی فائرنگ،لڑائی جھگڑے،انتخابی عمل کو سبوتاژ پرکارروائی ہوگی۔
ضمنی انتخابات؛ مختلف شہروں میں پرتشدد واقعات میں ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی
ضمنی انتخاب کے لیے لاہور سمیت ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 5 اور صوبائی 16 حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے،پولنگ کے دوران مختلف حلقوں سے لڑائی جھگڑے اور تصادم کے واقعات پورٹ ہورہے ہیں۔
ظفروال
ظفروال میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کےکارکنان کےدرمیان جھگڑا ہوگیا۔ اس دوران ساٹھ سالہ شخص سرپرڈنڈا لگنے سے جاں بحق ہوگیا ہے۔
پولیس کےمطابق جھگڑے کےدوران زخمی 60 سالہ شہری اسپتال میں دم توڑ گیا۔ریسکیو ذرائع کےمطابق 60 سالہ شخص کے سر پر ڈنڈا لگاتھا،واقعے کے بعدپولنگ کے عمل کو روک دیا گیا ہے۔
قصور این اے 132
قصور این اے ایک سو بتیس ضمنی انتخابات کے پولنگ اسٹیشن کھڈیاں خاص میں ووٹرز گھتم گھتا ہوگئے ہیں،جھگڑا خواتین کو ووٹنگ ڈالنے سے روکنے پر ہوا، پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
صادق آباد پی پی 266
صادق آبادمیں پی پی دو سو چیاسٹھ میں پولنگ اسٹیشن محب شاہ کے باہر دو سیاسی جماعتوں کے کارکن لڑپڑے،کارکنان کی لڑائی میں قریب کھڑی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے،جھگڑے کے باعث پولنگ کچھ دیرکیلیے روک دی گئی،پولیس نے جھگڑا کرنے والے کارکنوں کو حراست میں لےلی۔
لاہور: پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شبیرگجر کو گرفتار کرلیا
لاہوراین اے 119
لاہوراین اے 119میں سنی اتحاد کونسل اورمسلم لیگ ن کےکارکنوں میں جھگڑا ہو گیا،پولیس نے4 افراد کوگرفتارکرلیا،جھگڑا یو ای ٹی کے قریب پولنگ اسٹیشن نمبر 171 پر ہوا،پولیس کے مطابق کارکنوں کے درمیان جھگڑاکیمپ لگانے کے معاملے پر ہوا۔
Police arrested PTI workers from NA 119 Punjab! No0ne will be able to say that this is free & fair election! pic.twitter.com/d3Z4CWx3Oc
— Qazi Asif (@QMAAsif) April 21, 2024
پنجاب کے 2599 پولنگ اسٹیشنزمیں سے 419 انتہائی حساس،1081 حساس قرار
فیروزوالہ
دوسری جانب فیروزوالہ میں حلقہ پی پی ایک سوانتالیس میں گورنمنٹ ہائی اسکول نظامپورہ کےباہردوگروپوں میں جھگڑا ہوا،جھگڑے کےدوران فائرنگ بھی کی گئی،جس سے 3 افراد زخمی ہوگئے،پولیس نےدو افرادکوگرفتارکرلیا،واقعے کےتین گھنٹے بعدپولنگ کا عمل دوبارہ شروع کردیا گیا۔
وزیرآباد میں پولنگ کا عمل روک دیا گیا
وزیرآباد کے علاقے احمد نگر میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم کے باعث پولنگ کا عمل روک دیا گیا، پولیس کی جانب سے پولنگ اسٹیشن کا گیٹ بند کردیا گیا، جھگڑا پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پریزائیڈنگ افسر پر دھاندلی کا الزام لگانے پر ہوا۔
علی پور چٹھہ
علی پور چٹھہ میں گورنمنٹ گلز کالج پولنگ سٹیشن میں جھگڑے کا واقعہ پیش آیا ہے ، جھگڑا ووٹرز کے پولنگ سٹیشن میں داخلے سے متعلق معاملے پر ہوا، سنی اتحاد کونسل کے کارکنان نے زبردستی پولنگ سٹیشن کا گیٹ کھلوانے کی کوشش کی۔
اپوزیشن اپنی شکست کو فارم پنتالیس میں چھپانا چاہتی ہے، شعیب صدیقی
استحکام پاکستان پارٹی اور ن لیگ کےمشترکہ امیدوارشعیب صدیقی نے اپنے بیان میں کہا حلقے کے عوام نے والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے،پہلےبھی فتح ملی اب میں جیتیں گے۔
لاہورمیں میڈیا سےگفتگو کےدوران شعیب صدیقی نےکہااپوزیشن کے پاس دھاندلی کا الزام لگانے کےعلاوہ اورکچھ نہیں ہےاپوزیشن اپنی شکست کو فارم پنتالیس میں چھپانا چاہتی ہے۔
حلقے کے عوام سے محبت کا رشتہ ہے،اپوزیشن صرف اوچھے ہتھکنڈے اور الزامات کی سیاست کررہی ہے،پی ٹی آئی کو اپنی شکست نظر آرہی ہے اس لیے یہ بدمعاشی کرنا چاہ رہے ہیں۔
لاہور: پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شبیرگجر کو گرفتار کرلیا
لاہور پولیس نے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے شبیرگجر کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق شبیرگجرکونقص امن کےخدشات اورمقدمات میں نامزدگی پر حراست میں لیا گیا۔
دوسری جانب فیروزوالہ میں حلقہ پی پی 139 میں پولنگ اسٹیشن کے باہر جھگڑے کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کردیا گیا۔ پولنگ اسٹیشن کے باہر جھگڑے میں تین افراد زخمی ہوئے تھے اور پولنگ کا عمل تین گھنٹے تک معطل رہا تھا۔
الیکشن کمیشن میں قائم مانیٹرنگ کنٹرول روم کو متعدد شکایات موصول
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ الیکشن کمیشن میں قائم مانیٹرنگ کنٹرول روم کو متعدد شکایات موصول ہوگئے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن میں قائم مانیٹرنگ کنٹرو ل روم کو 10 شکایات موصول ہوئے، شکایات پولنگ میں تاخیر اور لڑائی جھگڑے سے متعلق رپورٹ ہوئیں۔
حکام کے مطابق کنڑول روم میں ووٹرز کے رابطہ اور شکایات درج کرانے کی سہولت موجود ہیں، تمام شکایات کا بروقت ازالہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج ملک بھر میں ضمنی انتخابات میں 5 قومی اور 16 صوبائی نشستوں پر 191 امیدوار مدمقابل ہیں۔ ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ساڑھے 25 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔
چند دنوں میں عوام کو ریلیف، ریلیف اور صرف ریلیف دیا،مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ چند دنوں میں عوام کو ریلیف، ریلیف اور صرف ریلیف دیا۔ میرا مشن قائد نواز شریف کے ویژن کو آگے بڑھانا ہے۔
لیگی ووٹر کے نام اہم پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کے تمام امیدوار انشاء اللہ واضح اکثریت سے کامیاب ہوں گے، مسلم لیگ (ن) کا ووٹر باہر نکل رہا ہے جو خوش آئند بات ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مزدور، کسان، محنت کش، طلبہ اور خواتین میری ترجیحات میں سرِفہرست ہیں، 130 ارب کا کسان پیکج نوازشریف کے زراعت دوست ویژن کی عکاسی ہے، جلد پنجاب میں لیب ٹاپ،آئی پیڈ سکیم بھی متعارف کرانے جارہے ہیں۔
ضمنی انتخابات: الیکشن کمیشن کا پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ضمنی انتخابات میں پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا وقت شام 5 بجے تک ختم ہو جائے گا، تمام پولنگ اسٹیشنز کے دروازے شام 5 بجے بند کر دیئے جائیں گے تاہم پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ آج ملک بھر میں ضمنی انتخابات میں 5 قومی اور 16 صوبائی نشستوں پر 191 امیدوار مدمقابل ہیں۔ ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ساڑھے 25 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔
ضمنی انتخاب، پولیس نے وزیرآباد میں پریزائیڈنگ افسر کو گرفتار کر لیا
وزیرآبادکے حلقہ پی پی 36 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران پولیس نے مبینہ دھاندلی کی ویڈیو سامنے آ نے پر تفتیش کیلئے پریزائیڈنگ افسر کو حراست میں لے لیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق پولنگ ختم ہونے سے قبل ہی بیلٹ پیپرز منظر عام پر آ گئے تھے ، سنی اتحاد کونسل نے الزام عائد کیا کہ پریزائیڈنگ افسر کے قبضہ سے ووٹ برآمد کیئے گئے ہیں ، پولنگ ختم ہونے سے پہلے ہی بیلٹ پیپرز منظر عام پر کیسے آئے ؟۔پولیس کا کہناہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔
ضمنی انتخابات، مسلم لیگ نواز نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر میدان مار لیا
ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی 5 نشستوں میں سے ن لیگ 2 سیٹوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ پیپلز پارٹی ایک حلقے میں کامیاب ہو گئی ہے ، علی امین گنڈا پور کی جانب سے چھوڑی گئی سیٹ پر تحریک انصاف کے ہی آزاد امیدوار اور وزیراعلیٰ کے پی کے کے بھائی فیصل امین گنڈا پور کامیاب ہوئے ہیں تاہم باجوڑ سے فی الحال مکمل نتیجہ سامنے نہیں آیا ہے۔
اب تک موصول ہونے والے صوبائی اسمبلیوں کے نتائج کے مطابق ن لیگ نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر میدان مار لیاہے اور 16 صوبائی حلقوں میں سے 12 جیت لیے ہیں ۔
مسلم لیگ ن نے پنجاب کے صوبائی حلقوں میں سے 9 پر براہ راست کامیابی سمیٹی جبکہ بلوچستان سے بھی ایک سیٹ جیتنے میں کامیاب ہو گئی ہے جبکہ صادق آباد سے پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا ہے ۔
اس کے علاوہ ن لیگ کی اتحادی جماعتیں استحکام پاکستان پارٹی اور مسلم لیگ ق نے ایک ایک سیٹ جیت کر پوزیشن مضبوط کر لی ہے ۔
ن لیگ نے جن حلقوں میں براہ راست کامیابی حاصل کی ان میں پی پی 22 چکوال ، پی پی 36 وزیرآباد، پی پی 54 نارووال ، پی پی 93 بھکر ، پی پی 139 شیخوپورہ ، پی پی 147 لاہور ، پی پی 158 لاہور ، پی پی 164 ، ڈی جی خان پی پی 290 ، لسبیلہ پی بی 22 شامل ہے ۔
لاہور کے حلقہ پی پی 149 سے ن لیگ کی اتحادی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ۔
حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ گجرات سے حلقہ پی پی 32 سے کامیاب قرار پائی ہے ۔
اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق سنی اتحاد کونسل نے کوہاٹ سے پی کے 91 میں کامیاب سمیٹ لی ہے ۔
5 قومی اور 16 صوبائی نشستوں پر 191 امیدوار مدمقابل تھے۔
قومی اسمبلی
این اے 8 باجوڑ :
کل پولنگ سٹیشنز 366
315 پولنگ سٹیشنز کے نتائج
آزاد امیدوار مبارک زیب خان 63173 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار گل ظفر خان 394226 ووٹ لے کر دوسرے نمبر ہیں ۔
این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان:
کل 358 پولنگ سٹیشنز کے مکمل نتائج
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے بھائی فیصل امین گنڈا پور 68594 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے رشید خان کنڈی 22780 ووٹ کے ساتھ پیچھے چل رہے ہیں ۔
این اے 119 لاہور :
کل 338 پولنگ سٹیشنز کے مکمل نتائج
مسلم لیگ ن کے علی پرویز ملک 60918 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق 34094 ووٹ لیکردوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 132، قصور :
تمام 342 پولنگ سٹیشنز کے مکمل نتائج
ن لیگ کے ملک رشید احمد خان 146849 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر 90980 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔
این اے 196، قمبر شہداد کوٹ:
تمام 303 پولنگ سٹیشنز کے مکمل نتائج
پیپلز پارٹی کے خورشید جونیجو 91581 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ ٹی ایل پی کے پیر محمد علی 2763 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔
پنجاب اسمبلی
پی پی 22، چکوال کم تلہ گنگ :
کل پولنگ سٹیشنز 215 کے مکمل نتائج
مسلم لیگ ن کے فلک شیر اعوان 75855 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے حکیم نثار 64721 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 32، گجرات:
مکمل پولنگ سٹیشنز کے نتائج
مسلم لیگ ق کے امیدوار موسیٰ الٰہی 63536 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے چوہدری پرویز الٰہی 18327 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 36، وزیرآباد:
تمام پولنگ سٹیشنز کے مکمل نتائج
مسلم لیگ ( ن ) کے عدنان افضل چٹھہ 74779 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے فیاض چٹھہ 58682 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 54، نارروال:
مکمل 155 پولنگ سٹیشنز کے نتائج
مسلم لیگ ن کے احمد اقبال 60351 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے اویس قاسم 46684 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 93، بھکر :
کل پولنگ سٹیشنز 155 کے مکمل نتائج
مسلم لیگ ن کے سعید اکبر خان نوانی 63021 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ آزاد امیدوار ڈاکٹر افضل خان 59124 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 139، شیخوپورہ:
مکمل 123 پولنگ سٹیشنز کے نتائج
مسلم لیگ ن کے رانا افضال حسین 46585 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے سنی اتحاد کونسل کے چوہدری اعجاز حسین 29300 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 147 لاہور :
کل پولنگ سٹیشنز 232 کے مکمل نتائج
مسلم لیگ ن کے ملک ریاض 31841 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے محمد خان مدنی 16548 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 149 لاہور:
کل پولنگ سٹیشنز 218 کے مکمل نتائج
استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار شعیب صدیقی 39137 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار حافظ ذیشان 23665 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 158 لاہور :
مکمل 116 پولنگ سٹیشنز کے نتائج
مسلم لیگ ن کے نواز لدھڑ کے 39741 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے مونس الہی 27891 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 164 لاہور :
کل 99 پولنگ سٹیشنز کے مکمل نتائج
مسلم لیگ ن کےراشد منہاس 31499 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے یوسف میو 25781 ووٹ لےکر دوسرےنمبر پر رہے۔
پی پی 266، رحیم یار خان :
تمام پولنگ سٹیشنز کے نتائج
پیپلز پارٹی کے ممتاز علی چانگ 46376 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے صفدر خان لغاری 33788ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 290، ڈی جی خان ،
کل پولنگ سٹیشنز 117 کے مکمل نتائج
مسلم لیگ ن کے علی احمد خان 60478 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ آزاد امیدوار محی الدین کھوسہ 23611 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
بلوچستان
پی بی 20، خضدار
تمام پولنگ سٹیشنز کے مکمل نتائج
بلوچستان نیشنل پارٹی ( بی این پی ) کے میر جہان زیب مینگل 30455 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ آزاد امیدوار میر شفیق الرحمان مینگل 14311 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی بی 22، لسبیلہ
کل پولنگ سٹیشنز 129 کے مکمل نتائج
مسلم لیگ ن کے زرین خان مگسی 49777 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ آزاد امیدوار شاہنواز جاموٹ 3869 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
خیبرپختونخوا
پی کے 22، باجوڑ :
کل پولنگ سٹیشنز کی تعداد 91
41 پولنگ سٹیشنز کے نتائج
آزاد امیدوار مبارک زیب 9806 ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے عابد خان 3954 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
پی کے 91 کوہاٹ :
کل 168 پولنگ سٹیشنز کے مکمل نتائج
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ داود آفریدی 23134 ووٹوں کیساتھ کامیاب ہوگئے جبکہ آزاد امیدوار امتیاز شاہد قریشی 16390 ووٹوں کیساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 158، مونس الہٰی کو شکست، نواز لدھڑ کامیاب
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیداور چوہدری مونس الہٰی ضمنی الیکشن میں ہار گئے۔
اتوار کے روز پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 158 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مونس الہٰی کا مقابلہ مسلم لیگ نواز کے امیدوار نواز لدھڑ سے تھا۔
لازمی پڑھیں۔ ضمنی انتخاب، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں کے نتائج
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق لیگی امیدوار نواز لدھڑ پی پی 158 سے مونس الہٰی کو شکست دے کر پنجاب اسمبلی کے ممبر منتخب ہوگئے ہیں۔
لازمی پڑھیں۔ پی پی 32 گجرات ، چوہدری پرویز الہٰی کو شکست، موسیٰ الہیٰ نے میدان مار لیا
مسلم لیگ ن کے نواز لدھڑ نے 39741 ووٹ حاصل کرکے کامیابی سمیٹی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے مونس الہیٰ 27891 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
آئی پی پی رہنما شعیب صدیقی نے ضمنی انتخابات میں کامیابی سمیٹ لی
استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے رہنما شعیب صدیقی نے ضمنی انتخابات میں کامیابی سمیٹ لی۔
اتوار کے روز پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 149 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں شعیب صدیقی کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے ذیشان رشید سے تھا۔
لازمی پڑھیں۔ ضمنی انتخاب، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں کے نتائج
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق شعیب صدیقی نے ذیشان رشید کو شکست دے دی ہے۔
لازمی پڑھیں۔ پی پی 32 گجرات ، چوہدری پرویز الہٰی کو شکست، موسیٰ الہیٰ نے میدان مار لیا
پی پی 149 کے پولنگ اسٹیشنوں کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار شعیب صدیقی 39137 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے ذیشان رشید 23665 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
لازمی پڑھیں ۔ پی پی 158، مونس الہٰی کو شکست، نواز لدھڑ کامیاب
استحکام پاکستان پارٹی کے شعیب صدیقی نے 15472 ووٹوں کی لیڈ سے کامیابی حاصل کی۔
پرویز الہٰی اور مونس کو شکست، شعیب صدیقی نے میدان مار لیا
ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کو شکست ہوگئی جبکہ استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے رہنما شعیب صدیقی نے کامیابی سمیٹ لی۔
موسی الہٰی کی پرویز الہٰی کو شکست
اتوار کے روز پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 32 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ق کے امیدوار موسیٰ الہیٰ کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی سے تھا۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 32 سے موسیٰ الہیٰ چوہدری پرویز الہٰی کو شکست دے کر ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے ۔
موسی الہیٰ نے 63 ہزار 536 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے پرویزالہیٰ 18 ہزار 237 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
مونس الہٰی بمقابلہ نواز لدھڑ
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 158 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مونس الہٰی کا مقابلہ مسلم لیگ نواز کے امیدوار نواز لدھڑ سے تھا۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق لیگی امیدوار نواز لدھڑ پی پی 158 سے مونس الہٰی کو شکست دے کر پنجاب اسمبلی کے ممبر منتخب ہوگئے ۔
مسلم لیگ ن کے نواز لدھڑ نے 39741 ووٹ حاصل کرکے کامیابی سمیٹی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے مونس الہیٰ 27891 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
شعیب صدیقی کی ذیشان رشید کو شکست
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 149 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں شعیب صدیقی کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے ذیشان رشید سے تھا۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق شعیب صدیقی نے ذیشان رشید کو شکست دی۔
پی پی 149 کے پولنگ اسٹیشنوں کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار شعیب صدیقی 47722 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے ذیشان رشید 26200 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
ہم مزاحمت نہیں کررہے، مفاہمت سے انکار بھی نہیں کر رہے، بیرسٹرگوہر
رہنما تحریک انصاف بیر سٹرگوہر علی خان کا کہنا ہے کہ کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہونے جارہے۔ ہم مزاحمت نہیں کررہے مگر مفاہمت سے انکار بھی نہیں کررہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات کا کوئی پیغام آیا تو اطلاع دیں گے، کوئی مذاکرات کریں گےتواس سےآگاہ کریں گے۔
بیرسٹرگوہر علی خان نے کہا کہ الیکشن کے نام پر جو ڈرامہ رچایا گیا اس کی مذمت کرتے ہیں، ہم نے فارم45پر پٹیشن فائل کی،2ماہ سے شنوائی نہیں ہوئی، عوام کاحق ہے ان کا ووٹ صحیح طریقے سے گنا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ضمنی الیکشن میں باکس پہلے سے بھرے ہوئے تھے، یہ پہلے سے طے شدہ نتائج تھے جوعوام نے دیکھے، بانی پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن کے رزلٹ پرحیرت کا اظہار کیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں جانے نہیں دیاجارہا، لگ رہا ہے طبیعت زیادہ خراب ہورہی ہے، بشریٰ بی بی کی صحت کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا گیا۔
عوام نے پی ٹی آئی کا تشدد اور اداروں کے خلاف بیانیہ مسترد کردیا، وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل والے صاحب کے دور میں پاکستان تنہائی کا شکار تھا، اب وہ معاملہ ختم ہو چکا ہے، خارجہ پالیسی کے خلاف باتیں کرنے والے ماضی کا قصہ بن چکے ہیں، انہوں نے اپنی ذات کی خاطر ملک کو ہمیشہ نقصان پہنچانے کی کوشش کی، عوام نے نفرت اور تقسیم کا بیانیہ مسترد کر دیا ہے۔
منگل کو وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے وزیر قانون نے تفصیل سے روشنی ڈالی ہے، دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے اس بارے شدید تحفظات ہیں، ان لوگوں نے ملک کی خاطر جانیں قربان کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2011 میں سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کے بارے میں انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا جس کے تحت 10023 کیسز میں سے 7900 کیس حل ہو چکے ہیں، صرف 23 فیصد کیس زیر التوا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس حوالے سے بہت کام کیا ہے، ہماری نیت اس مسئلے کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر قانون نے ماضی کی حکومت میں بھی اس پر کام کیا، دوبارہ بھی اس پر کام ہو رہا ہے۔
ضمنی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹا گیا لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات میں کلین سویپ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کے جھوٹ، تشدد، دفاعی اداروں کے خلاف بیانیہ کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ووٹرز سمیت دیگر نے بھی مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، ضمنی الیکشن نے 8 فروری کے انتخابات کے حوالے سے بھی شکوک و شبہات کو ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف سے لوگوں کی والہانہ محبت ہے، عوام نے شہباز شریف کی معاشی اصلاحات اور پنجاب میں خدمت کی سیاست کو ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت، منافقت اور جھوٹ پر مبنی بیانیہ مسترد ہو چکا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے تحریک انصاف مضحکہ خیز پروپیگنڈا کر رہی ہے، بشریٰ بی بی کے تمام طبی ٹیسٹ درست آئے، وہ صحت مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے کوئی تحفظات ہیں تو کھل کر بتائے جائیں، جب بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں تو وہ صحت مند ظاہر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جھوٹ پر مبنی مہم چلا رہی ہے کہ بشریٰ بی بی کی زندگی کو خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ جیل میں بیٹھے شخص کو نظر آ رہا ہے کہ وہ تنہا ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس شخص نے خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی، ہم نے پاکستان کے عالمی سطح پر تعلقات اور ساکھ کو بحال کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حال ہی میں سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان دورہ کیا اور اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی بات کی، ایران کے صدر نے کل 10 ارب ڈالر کے تجارتی حجم کے حوالے سے بات کی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پوری دنیا کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے کہ پاکستان میں ایک ایسی حکومت موجود ہے جو مسائل کو حل کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اب اس ملک کو ترقی یافتہ بنائیں گے اور ایک ایسی معیشت بنائیں گے جس پر دنیا ناز کرے، یہ ہمارا مشن ہے اسے جاری رکھیں گے۔
ڈیرہ اسماعیل خان، پی پی امیدوار ہمایوں خان ضمنی بلدیاتی انتخاب میں کامیاب
پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے امیدوار ہمایوں خان ڈیرہ اسماعیل خان میں ضمنی بلدیاتی انتخاب میں کامیاب ہوگئے۔
اتوار کے روز ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کلاں میں ضمنی بلدیاتی انتخاب ہوا جس میں پی پی پی کے امیدوار ہمایوں خان اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار حیدر خان میاں خیل مدمقابل تھے۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے ہمایوں خان 8 ہزار 387 ووٹ لے کر انتخاب جیت گئے۔
سنی اتحاد کے امیدوار حیدر خان میاں خیل 7 ہزار 888 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 148 میں ضمنی الیکشن کے لیے میدان کل سجے گا، تیاریاں مکمل
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 19 مئی کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں عوام الناس کی سہولت کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اس سنٹر میں عوام الناس کو ان الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی۔ شکایات کے بروقت اَزالہ کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی اور اِس مقصد کے لیے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے ۔
الیکشن کمیشن نے عوام کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لیے 4 سطحوں پر کنٹرول سنٹر قائم کئے ہیں جس میں الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیاگیا ہے۔ عوام مذکورہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں شکایات کے اندراج کے لیے ای ایم سی سی (EMCC)سنٹر کے عملہ سے ای میلcomplaints@ecp.gov.pk پربھی رابطہ کر سکتے ہیں۔کمیشن نے عوام کی سہولت کے لیے (EMCC)میں ایک مخصوص ہیلپ لائن کی سہولت بھی دی ہے جس کا رابطہ نمبر 051111327000 ہے۔ای ایم سی سی (EMCC) پولنگ کے دن اور نتائج کے موصول ہونے تک کام کرے گا ۔ کنٹرول سنٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔فیکس نمبر 0519204404 کے ذریعہ بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ ملتان کے حلقہ این اے 148 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے علی قاسم گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے بیرسٹر تیمور ملک کے مابین تگڑا مقابلہ متوقع ہے، چئیر مین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی چھوڑی ہوئی سیٹ پر انکے بیٹے علی قاسم گیلانی پہلی بار سیاست میں عملی قدم رکھیں گے۔
این اے 148 ملتان میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری
ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گا۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار علی قاسم گیلانی کو مسلم لیگ ن کی حمایت بھی حاصل ہے، ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ بیرسٹر تیمور ملک سے ہے چئیر مین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی چھوڑی ہوئی سیٹ پر انکے بیٹے علی قاسم گیلانی پہلی بار سیاست میں عملی قدم رکھیں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 19 مئی کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں عوام الناس کی سہولت کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اس سنٹر میں عوام الناس کو ان الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی۔ شکایات کے بروقت اَزالہ کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی اور اِس مقصد کے لیے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے ۔
حلقہ پی کے 22 ضمنی انتخاب، اے این پی کے نثار نے میدان مار لیا
باجوڑ کے حلقہ پی کے 22 کے ضمنی انتخاب میں اے این پی کے نثار کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ آزاد امیدوار نجیب اللہ خان دوسرے نمبر پر رہے ۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ پی کے 22 کے تمام 91 پولنگ سٹیشن کے نتائج مکمل ہو گئے ہیں ، جس کے مطابق اے این پی کے نثار 11 ہزار 926 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ آزاد امیدوار نجیب اللہ خان 10 ہزار 622 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔ جماعت اسلامی کے عابد خان 10 ہزار 593 ووٹ لے کر تیسرے اور سنی اتحاد کے راحت اللہ 7 ہزار 146 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر رہے ۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات اور این اے 171 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171 رحیم یار خان میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیاہے ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 29 ستمبر کو ہوں گے ، انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار کاغذات نامزدگی 16 سے 20 اگست تک جمع کروا جاسکتےہیں،اتوارکی چھٹی کےباعث کاغذات نامزدگی جمع نہیں ہوسکیں گے،بلدیاتی انتخابات کے امیدواروں کی عبوری فہرست 21 اگست کوآویزاں ہوگی ، 22 سے 26 اگست تک امیدواروں کی اسکروٹنی کی جائے گی۔
دوسری جانب این اے 171 رحیم یار خان میں ضمنی انتخاب 12 ستمبر کو ہوں گا ، کاغذات نامزدگی 15 تا 17 اگست تک جمع کروا جاسکتےہیں ، 17 اگست کوہی امیدواروں کےناموں کی فہرست جاری ہوگی،، اسکروٹنی 21 اگست تک اوراپیلیں 23 اگست تک دائرکی جاسکیں گی۔
یاد رہے کہ این اے 171 کی سیٹ ایم این اےممتازمصطفیٰ کی وفات کےبعد خالی ہوئی۔
رحیم یار خان میں ضمنی الیکشن کے باعث کل عام تعطیل کا اعلان
پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں ضمنی الیکشن کے باعث کل عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171 رحیم یار خان 3 میں 12 ستمبر بروز جمعرات کو ضمنی انتخاب ہوگا جس کے پیش نظر ضلع میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان خرم پرویز کی جانب سے عام تعطیل کا نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع رحیم یار خان میں کل NA171 کے ضمنی الیکشن کی وجہ سے عام تعطیل ہوگی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کے مطابق این اے 171 رحیم یار خان میں ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ 12 ستمبرکو ہو گی اور انتخابات کے انعقاد کے لئے پولنگ عملے کو انتخابی سامان کی ترسیل جاری ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے این اے 171 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی سمیٹ لی
پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے حلقہ این اے 171 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171 رحیم یار خان کے تمام پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہو گئے ہیں جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار مخدوم طاہر رشید نے کامیابی سیمٹ لی ہے۔
301 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے مخدوم طاہر رشید الدین 116429 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے جبکہ تحریک انصاف کے حسان مصطفیٰ 58251 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔
این اے 171 میں مخدوم طاہر رشید الدین اور حسان مصطفیٰ سمیت 7 امیدوار مد مقابل تھے ، حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد5لاکھ 26ہزار973ہے اور 301 پولنگ اسٹیشنز بنائے کیے گئے تھے۔
رحیم یار خان کے ضمنی انتخاب کو فافن نے شفاف قرار دے دیا
رحیم یار خان کے ضمنی انتخاب کو فافن نے شفاف قرار دے دیا
رحیم یار خان کے ضمنی انتخاب کو فافن نے 'بڑے پیمانے پر شفاف' قرار دے دیا۔،ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ووٹوں میں 40 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
فافن نے پی پی پی کے ووٹ شیئر میں بہتری کی اطلاع دی ہے،جو کہ 3 فیصد سے بڑھ کر 40 فیصد تک پہنچ گئی ہے،رحیم یار خان ضمنی انتخاب میں ووٹرز ٹرن آؤٹ میں 288,113 مرد اور 238,860 خواتین شامل ہیں۔
فافن کی رپورٹ کے مطابق، رحیم یار خان کے حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 526,973 ہے۔
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 139 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 139 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کےشیڈول کےمطابق 18 اکتوبرکوکاغذات نامزدگی حاصل کیےجاسکیں گئے،21 اکتوبر سے 24 اکتوبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے، 12نومبرکو امیدواران کی حتمی لسٹ اور انتخابی نشان جاری ہوں گے۔
الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق 5 دسمبر جمعرات کو حلقہ پی پی 139 میں ضمنی الیکشن ہوگا،پی پی 139 کی سیٹ رانا افضال حسین سابق ایم پی اے کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔2023 کے جنرل الیکشن میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین پی پی 139 سے منتخب ہوئے تھے۔
پی پی 139 کےضمنی الیکشن میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افیسرشاہد عمران مارتھ ریٹرننگ افیسرعثمان جلیس اسسٹنٹ ریٹرننگ افیسر عدیل خان کو تعینات کیا گیا ہے۔