ملتان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گا۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار علی قاسم گیلانی کو مسلم لیگ ن کی حمایت بھی حاصل ہے، ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ بیرسٹر تیمور ملک سے ہے چئیر مین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی چھوڑی ہوئی سیٹ پر انکے بیٹے علی قاسم گیلانی پہلی بار سیاست میں عملی قدم رکھیں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 19 مئی کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں عوام الناس کی سہولت کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اس سنٹر میں عوام الناس کو ان الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی۔ شکایات کے بروقت اَزالہ کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی اور اِس مقصد کے لیے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے ۔