موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔ ہمسایہ ملک کی طرف سے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر غیر ملکیوں کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی۔
سینٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے چینی باشندوں، سکھ یاتریوں سمیت غیرملکی سیاحوں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کردیئے۔
مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور حساس مقامات سمیت اہم تنصیبات کی سیکیورٹی بھی مزید سخت کردی گئی۔ آئی جی پنجاب نے سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور انٹیلی جنس اداروں کی مشاورت سے سکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ ڈرونز کے استعمال کے پیش نظر دفعہ 144 کی حکومتی پابندی پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات پر مشکوک گاڑیوں کی چیکنگ بڑھا دی گئی جبکہ صوبے بھرمیں سرخ اینڈ کومبنگ آپریشنز بھی تیز کردیئے گئے ہیں۔





















