الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 19 مئی کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں عوام الناس کی سہولت کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اس سنٹر میں عوام الناس کو ان الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی۔ شکایات کے بروقت اَزالہ کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی اور اِس مقصد کے لیے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے ۔
الیکشن کمیشن نے عوام کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لیے 4 سطحوں پر کنٹرول سنٹر قائم کئے ہیں جس میں الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژن اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیاگیا ہے۔ عوام مذکورہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں شکایات کے اندراج کے لیے ای ایم سی سی (EMCC)سنٹر کے عملہ سے ای میلcomplaints@ecp.gov.pk پربھی رابطہ کر سکتے ہیں۔کمیشن نے عوام کی سہولت کے لیے (EMCC)میں ایک مخصوص ہیلپ لائن کی سہولت بھی دی ہے جس کا رابطہ نمبر 051111327000 ہے۔ای ایم سی سی (EMCC) پولنگ کے دن اور نتائج کے موصول ہونے تک کام کرے گا ۔ کنٹرول سنٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔فیکس نمبر 0519204404 کے ذریعہ بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ ملتان کے حلقہ این اے 148 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے علی قاسم گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے بیرسٹر تیمور ملک کے مابین تگڑا مقابلہ متوقع ہے، چئیر مین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی چھوڑی ہوئی سیٹ پر انکے بیٹے علی قاسم گیلانی پہلی بار سیاست میں عملی قدم رکھیں گے۔