ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کو شکست ہوگئی جبکہ استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے رہنما شعیب صدیقی نے کامیابی سمیٹ لی۔
موسی الہٰی کی پرویز الہٰی کو شکست
اتوار کے روز پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 32 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ق کے امیدوار موسیٰ الہیٰ کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی سے تھا۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 32 سے موسیٰ الہیٰ چوہدری پرویز الہٰی کو شکست دے کر ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے ۔
موسی الہیٰ نے 63 ہزار 536 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے پرویزالہیٰ 18 ہزار 237 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
مونس الہٰی بمقابلہ نواز لدھڑ
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 158 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مونس الہٰی کا مقابلہ مسلم لیگ نواز کے امیدوار نواز لدھڑ سے تھا۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق لیگی امیدوار نواز لدھڑ پی پی 158 سے مونس الہٰی کو شکست دے کر پنجاب اسمبلی کے ممبر منتخب ہوگئے ۔
مسلم لیگ ن کے نواز لدھڑ نے 39741 ووٹ حاصل کرکے کامیابی سمیٹی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے مونس الہیٰ 27891 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
شعیب صدیقی کی ذیشان رشید کو شکست
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 149 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں شعیب صدیقی کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے ذیشان رشید سے تھا۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق شعیب صدیقی نے ذیشان رشید کو شکست دی۔
پی پی 149 کے پولنگ اسٹیشنوں کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار شعیب صدیقی 47722 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے ذیشان رشید 26200 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔