کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وفقے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے اور سردی میں اضافے کی پیشگوئی کردی۔
رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں موسم سرد ہوگیا، جہانگیر روڈ، لیاقت آباد، عائشہ منزل، ناظم آباد، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، سرجانی، اسکیم 33 و ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے بادل آہستہ آہستہ دوسرے علاقوں میں پھیل جائیں گے، جس کے بعد شہر کے مرکز میں بھی ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔
شمال مشرق سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد رہا۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان میں بھی کل موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان، خیبر پختونخوا، سندھ، جنوبی و وسطی پنجاب اور بالاکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔
میٹ آفس کے مطابق آج رات شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان، سندھ ،پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور برفباری ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق بارکھان، کوہلو، سبی، نصیرآباد، جھل مگسی، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ اور خضدار کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کم سے کم درجہ حرارت میں کالام میں منفی 10، استور اور مالم جبہ میں منفی 6 ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں درجہ حرارت ایک، لاہور میں 8، کراچی میں 17، پشاور میں 2 اور کوئٹہ میں5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔