وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ای ٹیکسی اسکیم کا افتتاح کردیا۔ ای ٹیکسی اسکیم میں خواتین کے لئے 30 فیصد کوٹہ ہوگا، ای ٹیکسی اسکیم میں خواتین کے لئے گاڑی کا رنگ الگ ہوگا۔ مریم نواز نے کامیاب خواتین امیدواروں میں چابیاں تقسیم کیں۔
لاہور میں خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ای ٹیکسی اسکیم لانچ کرنے والا پہلا صوبہ ہے، پہلے مرحلے میں 1100 ای وہیکلز دی جائیں گی۔ ای ٹیکسی اسکیم سے خواتین کو روزگار ملے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ہر خاتون خود کو محفوظ تصور کرتی ہے، ای ٹیکسی اسکیم ماحول کے لیے اچھی ثابت ہوگی، دوسرے صوبوں میں عوام ٹوٹی بسوں میں سفر کرتے ہیں، پنجاب کی ہر تحصیل میں گرین بسز پہنچائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسموگ نے پنجاب کو 10سال سے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا تھا، اس بار پنجاب میں اسموگ نہیں آئی، اسموگ کے خاتمے کیلئے دن رات کام ہورہا ہے، ای ٹیکسی ایک چارج پر300 کلومیٹر تک چل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دو سال کے دوران روٹی اور آٹے کی قیمت نہیں بڑھی، ہر تحصیل میں رمضان بازار قائم ہیں، پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے فری ایئرایمبولینس سروس شروع کی، پنجاب میں مہنگائی پر قابو پالیا گیا، پنجاب میں ہر شخص کو رمضان میں ریلیف دیا۔






















