افغانستان سے دہشتگردی اور بلا اشتعال جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لئے آپریشن غضب للحق آج بھی جاری ہے۔
وزیراطلاعات عطاتارڑ آپریشن غضب للحق سے متعلق تفصیلات ایکس پر شیئر کردیں، لکھا ابتک افغان طالبان رجیم کے297 کارندے ہلاک ہوچکے، پاکستان کی بھرپورجوابی کارروائی میں450خوارج زخمی ہوئے۔
عطاتارڑ نے کہا کہ افغانستان میں 29مقامات کو فضائی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا، پاکستان نے افغان طالبان رجیم کے135 ٹینک اور گاڑیاں تباہ کیں، پاکستانی فورسز نےطالبان رجیم کی18چیک پوسٹوں پر قبضہ کیا، افغان طالبان کی89چیک پوسٹیں تباہ ہوچکیں۔
واضح رہے کہ افواج پاکستان کی جانب سے افغان طالبان ریجیم کی کل رات کی بلااشتعال جارحیت کا بھرپور اور موثر انداز میں منہ توڑ جواب دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک فضائیہ نے آج بھی افغانستان کے صوبہ لغمان اور ننگرہار میں کارروائی کی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی میں افغانستان کے صوبہ لغمان میں طالبان ریجیم کا اسلحہ ڈپو،اے بی ایف بٹالین ہیڈکوارٹر اور ننگرہار بریگیڈ مکمل طورپر تباہ کر دیئے گئے۔
پاک فوج نے افغانستان میں ایمونیشن ڈپو اور پٹرولیم (پی او ایل) کے بڑے ذخائر تباہ کر دیے۔ سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی متعدد چیک پوسٹوں کو کامیابی سے نشانہ بناکر تباہ کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع پاک فوج کے جوانوں نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان فوج کی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا، آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور اپنے اہداف حاصل ہونے تک جاری رہے گا





















