ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک سردی اور دھند کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کشمیر اور خطۂ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر کہرا پڑنے کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں موسم خشک اور سرد رہا، آئندہ 24 گھنٹے کے دوران شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔
میٹ آفس کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ کے بیشتر علاقوں میں شام کے وقت بھی شدید دھند اور اسموگ چھائی رہے گی۔
میٹ آفس کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ کے بیشتر علاقوں میں شام کے وقت بھی شدید دھند اور اسموگ چھائی رہے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے شدید دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں رہے، کم سے کم درجہ حرارت میں لہہ منفی 11، اسکردو منفی 9، کالام منفی 7، قلات، گوپس منفی 6، گلگت سرینگر منفی 5، استور منفی 4، کوئٹہ، دیر، چترال اور راولا کوٹ منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات سے ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں موسم شدید سرد رہنے کے علاوہ مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور پنجاب کے بعض علاقوں میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کی بھی توقع ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔
آئندہ چند روز کے دوران جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا، بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔