سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں انگلینڈ پاکستان کو 2وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے جس کے بعد قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی اگر مگر کا شکار ہو گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا ہدف 19.1 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا جس میں کپتان ہیری بروک نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 51 گیندوں پر سینچری بنائی جبکہ ول جیکس نے 28 رنز بنائے ، ان کے علاوہ سیم کیورن نے 16 رنز بنائے ۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 30 رنز دیتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان طارق نے اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے جس میں صاحبزادہ فرحان 63 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے ۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا ۔تیسرے اوور کی پہلی گیند پر صائم ایوب 7 رنز بنا کر آرچر کی گیند پر کیچ آوٹ ہو کر پولین لوٹ گئے۔ ان کے بعد کپتان سلمان آغا میدان میں اتر لیکن وہ محض 5 سکور ہی بنانے میں کامیاب ہوئے اور ڈاوسن کی گیند پر کیچ آوٹ ہو کر پولین لوٹ گئے۔
ان کے بعد بابر اعظم اور فخر زمان نے 25 ، 25 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان 23 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈوسن نے 3 ، جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ عادل راشد نے بھی ایک وکٹ حاصل کی ۔




















