ملک بھر میں شدید سردی کی لہر بدستور جاری ہے،محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے دیگر علاقوں میں بارش کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے،مری اورخیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں آسمان سے برستے برف کے گالوں نے ہر منظر کو سفید کر دیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کےمطابق مغربی ہواؤں کا موجودہ سلسلہ تیزی سے کمزور ہو رہا ہے،تاہم یہ بالائی خیبر پختونخوا کے علاقوں دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد اور راولپنڈی میں کچھ دیر مزید اثر انداز رہے گا اور آج رات کسی بھی وقت ملک سے نکل جائے گا۔
محکمہ موسمیات نے دو دن بعد ایک نئے مغربی ہواؤں کے سلسلے کی پیشگوئی بھی کی ہے۔عرفان ورک کے مطابق نیا سسٹم ویک اینڈ پر اتوارکی شام یا رات کو بلوچستان میں داخل ہوگا،جہاں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
موسمی صورتحال کے پیش نظرتمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے اور پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔





















