وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی ایئرپورٹ پر ویزافراڈ میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائرپورٹ پر وزٹ ویزے پر ملائیشیا جانے والے محمد سمیر نامی مسافر کو گرفتار کر لیا گیا۔ مسافر کے پاسپورٹ پر قطر، ملائیشیاء اور ایف آئی اے امیگریشن کی جعلی آمد و روانگی کی اسٹمپس لگی ہوئی تھیں۔
مسافر نے3 ہزار ملائیشین رنگٹ کے عوض ایجنٹ سے مذکورہ جعلی اسٹمپس لگوائیں، مسافر کو مزید کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب فیصل آباد میں ایف آئی اے نے ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں فیصل اور اشتہاری نعیم فاروق شامل ہیں۔ ملزمان کو میانوالی اور اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان نے شہریوں کو عمان بھجوانے کے نام پر 11 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے، ملزمان شہریوں سے رقم وصول کرکے روپوش ہوگئے تھے۔





















