ملک کے بیشتر حصوں میں سردی نے کئی سالوں کے ریکارڈ توڑ دیے برف باری اور بارش برسانے والا نیا طاقتور سسٹم آج داخل ہوگا۔
پاکستان بھر میں سردی کی شدید ترین لہر جاری ہے اور کئی علاقوں میں جما دینے والی سردی نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیے ۔ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے گر چکا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ آج ملک میں داخل ہونے کی پیشگوئی کی ہے، جس سے آج رات سے بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے سسٹم کے تحت بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔
مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی بارش اوربرف باری ہوسکتی ہے۔ 25 سے 26 جنوری کے دوران سندھ کے کئی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
سیاحوں کو ہدایت
خیبر پختونخوا میں مزید بارش، بالائی اضلاع میں برفباری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کردی، پی ڈی ایم اے کے مطابق 25 سے 27 جنوری تک بارش اور برفباری سے سڑکوں کی بندش، لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔
ایڈوائزری میں عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور سیاحوں کو بالائی علاقوں کا رخ نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔





















