پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ آج کریگا۔
چیئرمین پی سی بی آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، محسن نقوی وزیراعظم سے ورلڈکپ پر گفتگو کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ورلڈکپ میں شرکت یا عدم شرکت کا فیصلہ ہوگا۔
قبل ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹرز سے گفتگو میں کہا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پرمبنی ہے۔ ہم نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے بنگلادیش کی حمایت کی۔ ہمارے کھلاڑی باصلاحیت ہیں۔ کسی میدان میں بھی کامیابی ٹیم ورک سے ملتی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں۔ ورلڈکپ سے متعلق حکومت پاکستان کے فیصلے پر من وعن عمل کریں گے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق بنگلادیش کی جانب سے سیکیورٹی تحفظات پر گزشتہ تین ہفتوں تک مشاورت جاری رہی، جس دوران اندرونی اور بیرونی ماہرین سے تفصیلی سیکیورٹی اسیسمنٹ بھی کروائی گئی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ جائزے کے بعد بھارت میں بنگلادیش ٹیم کو کوئی قابلِ تصدیق سیکیورٹی خطرہ ثابت نہیں ہوا۔ مقررہ وقت تک بنگلادیش کی جانب سے حتمی جواب موصول نہ ہونے پر گورننس اور کوالیفکیشن قوانین کے تحت متبادل ٹیم شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
آئی سی سی کے مطابق اسکاٹ لینڈ اس وقت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 14ویں نمبر پر ہے، جبکہ اس کی رینکنگ نمیبیا، متحدہ عرب امارات، نیپال، امریکا، کینیڈا، عمان اور اٹلی سے بہتر ہے۔



















