چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کردیا۔ کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی الیکشن نتائج میں سب سے آگے ہوگی، ہم نے 70 سے 80 سیٹیں جیتیں تو کوئی ہمارا راستہ نہیں روک سکے گا، ن لیگ کیلئے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حالات اچھے نہیں، وہ حالات نہیں کہ ن لیگ سینٹرل پنجاب سے کلین سوئپ کرے، پی پی کی تاریخ ہے کہ ہم سیاسی انتقام نہیں لیتے، ہماری کوشش رہی ہے جمہوری اور الیکٹورل عمل میں بہتری لائیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مختلف ٹی وی چینلز کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ انتخابی مہم ختم ہوچکی ہے، ن لیگ کو کہا تھا ان کے وزیراعظم کے امیدوار اور مجھ میں مباحثہ ہو، جس مباحثے کا میں نے چیلنج دیا تھا وہ نہیں ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست ختم ہو، عوام پر منحصر ہے کہ وہ کل کس کو حکومت میں لاتے ہیں، آصفہ بھٹو نے انتخابی مہم میں اہم کردار ادا کیا ہے، آصفہ بھٹو نہیں چاہتی کہ ان کا حکومت میں کوئی رول ہو۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک میں وسائل کی تقسیم اچھی نہیں ہے، میرے منشور میں مختلف معاہدے شامل ہیں، سندھ میں سیلاب متاثرین کیلئے 20 لاکھ گھر بنا رہے ہیں، خواتین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دے رہے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پورے پاکستان میں 30 لاکھ گھر بناکر مالکانہ حقوق دیں گے، کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے، کچے میں بھی زمینوں کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیں گے، پورے ملک میں لینڈ ریفارمز کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ الیکشن مہم میں ایک دوسرے پر اختلافات کو ہائی لائٹ کیا جاتا ہے، میرا شہباز شریف سے اچھا ورکنگ ریلیشن شپ رہا ہے، ناممکن ہے کہ نواز شریف کی حکومت میں حصہ لوں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے کسی دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں رکھا، پی پی کی تاریخ ہے کہ ہم سیاسی انتقام نہیں لیتے، لیڈر سے اختلاف ہوسکتا ہے مگر میں سیاسی کارکن کی عزت کرتا ہوں، ایک ٹرتھ ری کنسیلی ایشین کا کہا ہے۔
بلاول نے کہا کہ ہم اشرافیہ کی سبسڈی ختم کریں گے، لاپتہ افراد کا مسئلہ اُٹھانے کی ضرورت ہے، جس طرح سے احتجاج کو مینج کیا گیا اس سے اچھا پیغام نہیں گیا، حکومت ملی تو لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے، ہماری کوشش رہی ہے جمہوری اور الیکٹورل عمل میں بہتری لائیں، آج بھی شفاف الیکشن اور لیول پلیئنگ کی شکایات موجود ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی الیکشن نتائج میں سب سے آگے ہوگی، ہم نے 70 سے 80 سیٹیں جیتیں تو کوئی ہمارا راستہ نہیں روک سکے گا، ن لیگ نے اگر پنجاب سے کلین سوئپ کیا تو حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوگی، ن لیگ نے پورے پنجاب میں ٹکٹ نہیں دیئے، وہ حالات نہیں ن لیگ سینٹرل پنجاب سے کلین سوئپ کرے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ اس بار سندھ سے پچھلی دفعہ سے زیادہ سیٹیں لیں گے، بلوچستان سے بھی سیٹیں لیں گے، ن لیگ کیلئے وہاں حالات اچھے نہیں، جنوبی پنجاب سے اچھے نتائج دیں گے، سینٹرل پنجاب سے سرپرائز دیں گے، کے پی میں بھی ن لیگ کے حالات پتلے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم ابھی سے آزاد امیدواروں سے رابطے میں ہیں، تمام آزاد امیدوار پی ٹی آئی سے نہیں ہیں، جو امیدوار پی ٹی آئی سے نہیں ان میں سے زیادہ تر سے ہمارا رابطہ ہے۔