جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے کراچی کے حلقے کی 10 بیلٹ پیپرز بُکس غائب ہونے پر دھاندلی اور بے ضابطگی کے حوالے سے الیکشن کمیشن سندھ کو خط لکھ دیئے۔
جماعت اسلامی کے الیکشن سیل کے انچارج راجہ عارف سلطان کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ حلقہ این اے 238 اور پی ایس 102 کے پولنگ اسٹیشن میں سامان پہنچا تو اس میں سے بیلٹ پیپرز کی 10 بکس غائب تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ لسٹ کے مطابق 30 بکس لکھی ہوئی تھیں جبکہ تھیلا پھٹا ہوا تھا اور اندر 10 بکس موجود تھیں، پریذائیڈنگ آفیسر محمد شکور نے آر او کو اس حوالے سے تحریری اطلاع بھی دی۔
جماعت اسلامی کے خط میں الیکشن کمیشن سے انتخابات میں دھاندلی اور بے صابطگی کے مرتکب لوگوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔
جے آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل بیلٹ پیپرز کی بکس کا غائب ہوجانا انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے اپنے خط میں الیکشن کمیشن سندھ سے فوری معاملے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ بیرسٹر علی طاہر نے ڈی آر او، ریٹرنگ آفیسر کو بھی خط کی کاپیاں ارسال کردیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشن 269 غوثیہ ڈسپنسری پر ووٹنگ کیلئے بیلٹ بکس موصول ہوئے، بیلٹ پیپرز کے تھیلے کی سیل ٹوٹی ہوئی پائی گئی اور تقریباً 10 بکس غائب تھیں، معاملے پر فوری نوٹس لیا جائے اور گمشدہ بکس فوری ریکور کرکے پہنچائی جائیں۔