خشک سردی سے گھبرائے پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے شہر اقتدار میں بارش اور ملکہ کوہسار مری میں برفباری کی پیشگوئی کردی۔
اسلام آباد میں نمائندہ سماء سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں موسم کس طرف کروٹ لینے والا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں خشک سردی کی طویل اننگز خاتمے کے قریب ہے، اگلے ہفتے سے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارشوں کا امکان۔
محکمہ موسمیات نے ملکہ کوہسار مری پر برفباری کی پیشگوئی بھی کردی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ گلگت بلتستان اور شمالی وزیرستان میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد رہا۔
میٹ آفس نے بتایا ہے کہ اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ شدید دھند کی لپیٹ میں رہے،
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشگہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 12، اسکردو منفی 10، کالام، گلگت، اسکردو، استور میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
میٹ آفس کا کہنا ہے کہ جمعرات سے ہفتہ کے روز تک اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں چند مقامات پر شدید دھند اور بعض مقامات کہرا پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے ہفتہ کے دوران گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز و گرد چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، اس دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائی رہے گی، جس کی وجہ سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم بدستور خشک اور سرد رہے گا، بلوچستان کے شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا۔