صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے این اے 127 اور پی پی 160 میں مبینہ ووٹوں کی خرید و فروحت پر ایکشن لے لیا، لاہور میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیدوار قومی اسمبلی عطاء تارڑ اور پیپلزپارٹی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار مصباح الرحمان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ثبوتوں کے ساتھ طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 127 اور پی پی 160 میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی جانب سے ایک دوسرے پر ووٹوں کی خرید و فروخت اور انتخابات سے قتل دھاندلی کے الزامات کا نوٹس لے لیا۔
الیکشن کمشنر پنجاب نے این اے 127 میں مبینہ ووٹوں کی خرید و فروحت پر ایکشن لیتے ہوئے لاہور میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی شروع کردی۔
الیکشن کمیشن نے این اے 127 لاہور سے ن لیگی امیدوار عطاء تارڑ اور پی پی 160 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار مصباح الرحمان و نوٹس جاری کردیئے۔
ای سی پی کی جانب سے ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت اور الیکشن دفتر پر حملے کے تناظر میں نوٹسز جاری کئے گئے ہیں، دونوں امیدواروں کو 5 فروری کو دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار عطاء تارڑ نے پیپلزپارٹی کے انتخابی دفتر پر میڈیا کے ہمراہ پہنچ کر یہ دعویٰ کیا تھا کہ پی پی دفتر میں ووٹوں کی خرید و فروخت ہورہی ہے، جس کے ویڈیو اور دستاویزی ثبوت بھی موجود ہیں۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگ پر جوابی الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ن لیگ شکست سے خوفزدہ ہے اور ووٹوں کی خرید و فروخت کررہی ہے۔