نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں، انہوں نے ملک کی تقدیر بدلنی ہے، 8 فروری کو ہیر پھیر پر نہیں شیر پر مہر لگانی ہے، نواز شریف کو اقتدار ملا تو روزگار، یونیورسٹیاں اور لیپ ٹاپ دیں گے، مناظرے کا چیلنج دینے والوں کو کہتا ہوں موازنہ کریں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے گوجرانوالہ جلسے میں خطاب کرتے ہوئے صدر ن لیگ شہباز شریف نے کہاکہ پچھلی حکومت نے نواز شریف کے منصوبوں کو بے دردی سے ختم کیا، پچھلی حکومت نے پنجاب میں ہیپاٹائٹس سینٹرز کو بھی بند کردیا، 2013ء میں نواز شریف کو اللہ تعالیٰ نے تیسری مرتبہ موقع دیا، 2013ء میں کرپشن انڈیکس 141 پوائنٹس پر تھا جو 2018ء کے بعد 140 پر چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج بنایا، گجرات میں یونیورسٹی بنائی، بچے بچیوں کو ہزاروں لیپ ٹاپ دیئے، کرپشن نیچے آئی، ترقی کی عظیم داستان نواز شریف نے چھوڑی۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 2018ء میں ایک حکومت آئی جس نے سب کو چور کہا، اس کے 4 سالہ دور میں ایک اینٹ بھی نہیں رکھی گئی، یہ کہتے ہیں مناظرہ کریں میں کہتا ہوں موازنہ کرو، موازنہ کرو ابھی فیصلہ ہوجائے گا نواز شریف معمار ہے یا کوئی اور ہے۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ 16 ماہ کی حکومت میں ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن دوبارہ اوپر گئی، جو ایک سال میں کم ہوکر 7 پوائنٹس نیچے آگئی۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوجوان قوم کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، نوجوانوں نے ملک کی تقدیر بدلنی ہے، نواز شریف کو موقع ملا تو بچوں کو دوبارہ لیپ ٹاپ دیں گے، یونیورسٹیاں بنیں گی، لوگوں کو روزگار ملے گا، 8 فروری کو ہیر پھیر پر نہیں شیر پر مہر لگانی ہے۔