بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ ریٹرننگ آفیسرز نے پارٹی کے بیشتر رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے، عدالتوں میں انصاف نہ ملا تو عوام کی عدالت میں پیش ہوں گے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کوئٹہ میں پارٹی رہنماﺅں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں آئندہ انتخابات سے متعلق تحفظات کے انبار لگادئیے۔
کہتے ہیں ریٹرننگ آفیسرز نے بی این پی کے صوبائی اسمبلی کے 35 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے، قومی اسمبلی کے حلقوں پر 14 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے، جو بلوچستان نیشنل پارٹی کو دیوار سے لگانے کی سازش ہے۔
سردار اختر مینگل نے کہا کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیٹ ٹربیونلز سے رجوع کیا جائیگا، انصاف کے حصول کیلئے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے، انصاف نہ ملا تو عوام کے پاس جائیں گے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کا کام صاف شفاف انتخابات کرانا تھا لیکن انہوں نے خود اپنی مرضی کے آر اوز اور ڈی آر اوز لگا کر کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور انتخابی میدان میں اتر گئے۔