مسلم لیگ ن میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، پاکستان مسلم لیگ نون بلوچستان کے سینئر رہنماؤں نے صوبائی قیادت پر منظور نظر افراد کو نامزد کرنے کا الزام لگادیا۔
مسلم لیگ ن بلوچستان کے رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ صوبائی قیادت نے بلوچستان میں مخصوص نشستوں پر مرکزی قیادت کی جاری لسٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے منظور نظر افراد کو ترجیح دی۔
ن لیگ کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مرکزی قیادت کی جانب سے کرن حیدر دوسری اور اقلیتی رہنماء ایس ایم پیٹرک پہلی ترجیح تھے، صوبائی قیادت نے حال ہی میں شامل ہونیوالے سابق سینیٹر اشوک کمار کو پہلی ترجیح دی ہے جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی کرن حیدر کو پانچویں ترجیح دی ہے۔
نون لیگ کے سینئر ارکان نے صوبائی قیادت کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی قیادت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا۔
واضح رہے کہ اتوار 24 دسمبر کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن تھا، پیر 25 دسمبر سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے جو 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔