ایشز سیریز میں شکست کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے سخت اقدامات کی تیاری شروع کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دورۂ سری لنکا اور آئندہ ورلڈ کپ کے دوران انگلش کرکٹرز پر سخت کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایشز سیریز کے دوران بعض کھلاڑیوں کی جانب سے کثرت سے شراب نوشی کے واقعات سامنے آئے، جس کے بعد بورڈ نے سخت پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کو ایشز سیریز میں آسٹریلیا کے ہاتھوں چار ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
میڈیا کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا ماننا ہے کہ نظم و ضبط میں کمی کا براہِ راست اثر ٹیم کی کارکردگی پر پڑا، اسی لیے مستقبل کے دوروں اور بڑے ایونٹس میں کھلاڑیوں کے لیے سخت ضابطۂ اخلاق اور کرفیو نافذ کیا جائے گا۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ٹیم ڈسپلن کو بہتر بنانا اور عالمی مقابلوں میں بہتر نتائج حاصل کرنا ہے۔





















