معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب کی پی آئی اے کے بعد بلیو اکانومی میں سرمایہ کاری کی تیاری شروع کر دی، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی انتظامیہ سے اہم ملاقات کی، سمندری وسائل کے بہتر استعمال سے معیشت کو نئی سمت دینے کا عندیہ دے دیا۔
بزنس ریکارڈر کے مطابق معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی انتظامیہ سے اہم ملاقات کی، جس میں بلیو اکانومی میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر عارف حبیب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی بحالی کا روڈ میپ بھی پیش کیا اور کہا کہ تمام 34 طیارے ستمبر 2026 تک فعال ہوں گے، جبکہ اس وقت 17 طیارے آپریشنل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 135 ارب روپے کی خریداری قیمت میں سے 125 ارب روپے براہِ راست پی آئی اے میں نئے انجنوں اور توسیعی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے، جبکہ مزید ماہرین کی شمولیت کے ساتھ تمام بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی۔پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کا ہدف ہے کہ 2030 تک جہازوں کی تعداد دس سے بڑھا کر چون کی جائے اور سالانہ چھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی جائے۔




















