وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی افرادی قوت کو بین الاقوامی سرٹیفیکشنز کی فراہمی خوش آئند قرار دی ہے،نیؤٹیک کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تکنیکی و فنی تربیتی پروگرامز کے نئے اہداف اور اپرنٹس شپ قانون پر عملدرآمد کی ہدایت بھی کردی ، یہ بھی کہا نیؤٹیک کے پارٹنر اداروں میں طلباء اور اساتذہ کی بائیو میٹرک حاضری لازمی کی جائے ۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت پیشہ ورانہ تربیت کے نئے ایکوسسٹم پر جائزہ اجلاس ہوا ۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا پاکستانی نوجوان صلاحیتوں سے بھرپور ہیں،ان کیلئے مفصل پروگرام شروع کیا، نیؤٹیک کے تحت تکنیکی اور فنی تربیتی پروگرامز کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں،خلیجی ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کی کھپت کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے ۔
وزیراعظم نے صوبائی اداروں کے تعاون سے نیؤٹیک کے پروگرامز کو وسعت دینے اور غیر تسلی بخش کارکردگی کے حامل اداروں کی رکنیت معطل کرکے کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کردی۔ وزیر اعظم نے کہا نیؤٹیک کے نظام کی مکمل ڈیجیٹلائیزیشن اور آن لائن مانیٹرنگ کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے ۔






















