ملک میں فائیو جی سروسز کے آغاز کے لیے اسپیکٹرم نیلامی کے معاملے پر پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملٹی بینڈ اسپیکٹرم نیلامی کے لیے ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ٹیکنالوجی نیوٹرل فائیو جی خدمات کی فراہمی کے لیے 700، 1800 اور 2100 میگا ہرٹز بینڈز کی نیلامی کے لیے درخواستیں مانگی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 2300، 2600 اور 3500 میگا ہرٹز بینڈز کے لیے بھی دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کامیاب بولی دہندگان کو اسپیکٹرم کے ساتھ لائسنس بھی جاری کیے جائیں گے۔ لائسنس کا اجرا پی ٹی اے اور پیپرا کی ویب سائٹس پر موجود انفارمیشن میمورنڈم کے مطابق کیا جائے گا۔





















