محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں رواں ہفتے بارش کا بالکل امکان نہیں تاہم آئندہ ہفتے سے ملک میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر میٹ عرفان ورک نے کہا رواں ہفتے بارش کا بالکل امکان نہیں ۔ ویک اینڈ پر بادل آنا شروع ہو جائیں گے ۔ آئندہ ہفتے بارش اور برفباری سے سردی میں اضافہ ہو گا ۔ تاہم ریکارڈ توڑ سردی پڑنے کی باتوں میں کوئی سچائی نہیں ۔ ابھی تک ملک میں کہیں بھی سردی کا گزشتہ ریکارڈ نہیں ٹوٹا ۔
عرفان ورک نے کہا کہ پاکستان میں عموما سردی جنوری کے مہینے میں ہی پڑتی ہے، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی وجہ سے سردی بڑھی۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات نے 16 سے 25 جنوری کے دوران شدید سردی کی خبروں کی تردید کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سوشل میڈیا پر گمراہ کن اور غیرمصدقہ پیش گوئیاں گردش کر رہی ہیں، میدانی علاقوں میں درجہ حرارت صفر سے نیچے جانے کے دعوے ہورہے ہیں، سوشل میڈیا پر زیر گردش ایسے تمام تر دعووں کی تردید کرتے ہیں۔ 16 سے 25 جنوری کے دوران تاریخی سردی کی کوئی لہر متوقع نہیں۔






















