خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں اقلیت سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون امیدوار نے پی کے 25 بونیر سے جنرل نشست پر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
اقلیت سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون امیدوار ڈاکٹر سویرا پرکاش نے پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
ڈاکٹر سویرا پرکاش ضلع بونیر میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھتی ہیں، ان کے والد ڈاکٹر اوم پرکاش گزشتہ 35 برسوں سے پیپلزپارٹی سے وابستہ ہیں، وہ پارٹی کے سرگرم مقامی رہنماء رہے، حال ہی میں اوم پرکاش اپنی ملازمت سے ریٹائر ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر سویرا پرکاش نے قومی اور صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کیلئے بھی درخواست دی ہے تاہم مقامی سیاستدانوں کے مطابق وہ بونیر سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے جنرل نشست پر الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
سویرا پرکاش نے 2022ء میں ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کیا اور حال ہی میں ہاؤس جاب مکمل کی، وہ سی ایس پی افسر بننے کی بھی خواہشمند ہیں۔
ڈاکٹر سویرا پرکاش بونیر میں پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی جنرل سیکریٹری بھی ہیں۔
مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے سویرا پرکاش نے کہا کہ پی پی پی کی سینئر قیادت نے میرے والد ڈاکٹر اوم پرکاش سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنی بیٹی کو الیکشن لڑنے کیلئے جنرل سیٹ پر کھڑا کریں، امید ہے پارٹی مجھے حلقہ پی کے 25 کیلئے ٹکٹ دے گی۔