آسٹریلیا ویمنز ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔ سنسنی خیز مقابلے میں آسٹریلیا نے بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ یہ بھارت کی ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری شکست ہے۔
بھارتی ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 330 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا، اسمرتی مندھانا نے 80 جبکہ پرتیکا راول نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔
جواب میں آسٹریلوی بیٹرز نے جارحانہ کھیل پیش کیا، ایلیسا ہیلی نے 107 گیندوں پر دھواں دار 142 رنز کی اننگز کھیلی اور تعاقب کو ممکن بنایا۔ ان کا بھرپور ساتھ ایلیس پیری نے 47، ایش گارڈنر نے 45 اور لِچ فیلڈ نے 40 رنز کی اننگز کھیل کر دیا۔
آسٹریلیا نے ہدف 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف کامیابی سے حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔






















