سینیٹ کا اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد کل صبح ساڑھے 10 بجے دوبارہ ہوگا جس کا 13 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیاہے ، آئین میں 27 ویں ترمیم سپلیمنٹری ایجنڈا کے طور پر پیش کی جائے گی جبکہ ایف سی (تنظیم نو)آرڈیننس 2025 میں 120 روز کی توسیع کی قرار داد بھی پیش کی جائے گی، قرار داد کے تحت آرڈیننس کی مدت 10 نومبر 2025 سے مزید 120 روز بڑھانے کی تجویز ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کل سینیٹ اجلاس میں فیڈرل پراسیکیوشن سروس ایکٹ 2023 میں ترمیمی بل پیش کیا جائے گا، ترمیمی بل کو اسٹینڈنگ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق زیر غور لایا جائے گا، اس کے علاوہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 1960 میں ترمیم ، نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی آرڈیننس 2002 میں ترمیمی بل پیش کیا جائے گا، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نیب آرڈیننس 1999 میں ترمیمی بل واپس لینے کی اجازت طلب کریں گے، نجی شعبے سے پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسرز کی تعیناتی کیخلاف توجہ دلاؤ نوٹس پر حکومت جواب دےگی ، سینیٹر عبدالشکور کا پوسٹل سروسز کے خالی عہدوں پر بھرتی نہ ہونے پر توجہ دلاؤنوٹس پیش کیا جائے گا۔






















