فلپائن میں آنے والے طاقتور طوفان کالماگی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہر طرف لاشیں اور گھروں کا ملبہ پڑا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن فوج کا ہیلی کاپٹر جزیرہ منڈاناؤ کے علاقے میں گرکر تباہ ہوگیا جو اگوسان ڈیلسور کے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں انجام دے رہا تھا۔
امدادی ہیلی کاپٹر نامعلوم وجوہات کی بنا پر گرکر تباہ ہوگیا اور اس میں سوار تمام چھ اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ جلی ہوئی لاشوں کو ملبے سے نکال لیا گیا۔ ان چھ اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد فلپائن میں آنے والے طوفان کالماگی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 86 تک جا پہنچی ہے۔
سب سے زیادہ تباہی جزیرہ سیبو میں ہوئی جہاں 39 افراد ڈوبنے یا ملبے کے نیچے آ کر ہلاک ہوئے۔ قریبی جزیرے بوہول سے بھی ایک ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔
اب تک 10 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ سیکڑوں مکانات زیرِ آب آ گئے۔ کئی شہروں میں بجلی منقطع ہے اور ٹیلی فون سروس بھی متاثر ہوئی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی علاقوں میں گاڑیاں پانی کے بہاؤ میں بہہ گئیں۔ گاڑیاں ایک دوسرے کے اوپر چڑھی ہوئی نظر آئیں۔
یاد رہے کہ فلپائن میں سالانہ اوسطاً 20 طوفان آتے ہیں اور حالیہ مہینوں میں ملک زلزلوں اور شدید موسمی حالات سے پہلے ہی متاثر ہے۔





















