ملک بھر میں سردی کی لہر جاری، پہاڑی علاقوں میں شدید ٹھنڈ، اسکردو میں پارہ منفی 11، کوئٹہ میں منفی 6، دیر میں منفی 5 تک گرگیا، شہر اقتدار میں بھی سردی کا زور پارہ ایک ریکارڈ کیا گیا۔
ملک بھر میں سردی کی لہر جاری ہے، پہاڑی علاقوں میں شدید ٹھنڈ کا راج ہے، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا، سب سے کم درجہ حرارت آزاد کشمیر کے آخری گاؤں تاؤ بت میں منفی 24 ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مظفرآباد میں درجہ حرارت منفی 2، وادی لیپہ منفی 2، اٹھ مقام منفی 3 ریکارڈ کیا گیا۔ مقامی حکام کے مطابق شدید اور خشک سردی کی لہر سے شہری پریشان ہیں۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 6، قلات اور زیارت میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، پشین، قلعہ سیف اللہ میں منفی 3، ژوب میں کم سے کم پارہ منفی 2 ڈگری رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بلوچستان کے متعدد اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔
کراچی میں بھی سرد ہواؤں کا راج ہے، درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنیوالے دنوں میں سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں ہوائیں 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد جبکہ مطلع آبر آلود ہے۔
دوسری جانب میدانی علاقوں میں دھند کے ڈیرے ہیں، موٹروے ایم ون پشاور سے برہان تک ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے، موٹر وے پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ دن میں سفر کو ترجیح دیں۔