بھارت کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل دوسرے ہفتے کمی آئی ہے، ریزرو بینک آف انڈیا کے اعدادوشمار کے مطابق صرف رواں ماہ کے دوسرے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 1.9 بلین امریکی ڈالر کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
بھارت کے برعکس پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اسی ہفتے کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، بھارت کے زرمبادلہ کے ذخائر نومبر کے آخری ہفتے کے علاوہ پچھلے ڈھائی ماہ سے مسلسل کمی سے دوچار ہیں۔
ریزرو بینک آف انڈیا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ذخائر 6 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، قابل ذکر بات یہ ہے کہ 13 دسمبر 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 1.988 بلین امریکی ڈالر تک گر گئے۔
ایک ہفتہ قبل 3.235 بلین امریکی ڈالر کی زبردست کمی واقع ہوئی تھی۔ نتیجتاً، ہندوستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اب 652.869 بلین امریکی ڈالر ہیں، گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران، ان ذخائر میں اضافہ صرف 29 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں دیکھا گیا، جب اس میں 1.51 بلین امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔
اس سے قبل 8 ہفتوں سے زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی آرہی تھی، 27 ستمبر 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے میں 704.885 بلین امریکی ڈالر کی بلند ترین سطح دیکھی گئی تھی۔
ریزرو بینک آف انڈیا کے جاری کردہ ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی کرنسی کے اثاثوں میں تیزی سے کمی آئی ہے، زیر جائزہ ہفتہ کے دوران بھارت کے غیر ملکی کرنسی اثاثوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، 3.047 بلین امریکی ڈالرز کی کمی کے بعد بھارت کے غیر ملکی کرنسی اثاثوں کے کل ذخائر 562.576 بلین ڈالرز ہو گئے ہیں۔
خاص طور پر، غیر ملکی کرنسی کے اثاثوں میں ملک کے کل زرمبادلہ کے ذخائر کا ایک اہم حصہ شامل ہے۔ یہ اثاثے، جن کا اظہار امریکی ڈالر میں ہوتا ہے، ان میں یورو، پاؤنڈ اور ین جیسی غیر امریکی کرنسیوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ چند ماہ کے دوران مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، 6 دسمبر 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ذخائر میں 19.1 ملین ڈالرز کی معمولی کمی کے بعد اگلے ہفتے ذخائر میں 31.8 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوچکا ہے، رواں ماہ کے وسط تک، پاکستان کے کل زرمبادلہ کے ذخائر 16.632 ملین ڈالرز تک پہنچ گئے ہیں۔