زمبابوے کے سٹار آل راؤنڈر سکندر رضا نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے دسویں ایڈیشن کے پلیئر ڈرافٹ کیلے باضابطہ طور پر سائن اپ کر لیا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کی تیاریاں عروج پر ہیں اور ڈرافٹنگ کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنی رضا مندی بھی ظاہر کرنا شروع کر دی ہے ۔
بدھ کے روز زمبابوے کے سٹار آل راؤنڈر سکندر رضا نے بھی پی ایس ایل کھیلنے کی تصدیق کر دی ہے اور پلیئر ڈرافٹ کیلے باضابطہ طور پر سائن اپ کر لیا ہے۔
سکندر رضا زمبابوے کی وائٹ بال ٹیم کے اہم کھلاڑی اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان بھی ہیں اور وہ پی ایس ایل کے گزشتہ تین ایڈیشنز میں دو بار کے چیمپئن لاہور قلندرز کے ساتھ دو جبکہ کراچی کنگز کے ساتھ ایک ایونٹ کھیل چکے ہیں۔
آل راؤنڈر نے 2023 کے ایڈیشن میں قلندرز کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور 11 اننگز میں 37.16 کی ایوریج اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 179.83 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 223 رنز بنائے تھے۔
سکندر رضا نے باؤلنگ میں بھی اہم کارکردگی دکھائی اور 2/6 کے بہترین باؤلنگ فیگرز کے ساتھ 9 اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔
مجموعی طور پر سکندر رضا نے پی ایس ایل کیریئر کے دوران 23 میچ کھیلے ہیں اور 329 رنز بنائے ہیں جبکہ 10 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
یاد رہے کہ پلیئر ڈرافٹ پہلی بار بلوچستان میں منعقد کیا جائے گا جس کی میزبانی 11 جنوری 2025 کو گوادر کرے گا۔