مسلم لیگ ن نے حکومت سازی کیلئے رابطوں کا آغاز کردیا، شہباز شریف نے آصف زرداری سے 45 منٹ طویل ملاقات کی جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرکے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لاہور میں مسلم لیگ ن کے قائد شہباز شریف اور صدر پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری کی نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات ہوئی جو تقریباً 45 منٹ تک جاری رہی۔
شہباز شریف نے ن لیگ کے قائد نواز شریف کا اہم پیغام سابق صدر آصف زرداری کو پہنچایا، ملاقات میں وفاق اور پنجاب میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور پاور شیئرنگ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں وزیراعظم اور دیگر اہم وفاقی وزارتوں کے حوالے سے بھی ناموں پر بات چیت کی گئی۔ شہباز شریف ملاقات کے حوالے سے نواز شریف کو آگاہ کریں گے۔ پی ڈی ایم حکومت بنانے میں بھی آصف زرداری اور شہباز شریف نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
مزید تفصیلات جانیے : نواز شریف نے اتحادیوں کے ساتھ ملکر حکومت بنانے کا اعلان کر دیا
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر مقبول صدیقی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، شہباز شریف نے کراچی میں جیت پر کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے ملاقات کی دعوت دیدی۔
ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی جلد شہباز شریف ملاقات کریں گے، ملاقات کب اور کہاں ہوگی، ابھی اس معاملے پر کچھ طے نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں عام انتخابات کے اب تک کے نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں نے قومی اسمبلی کی 100 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کو 68، پیپلزپارٹی کو 52، ایم کیو ایم پاکستان کو 15 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے اور کوئی بھی جماعت اکیلے حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے جمعہ کی شام کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے دیگر جماعتوں کو حکومت سازی میں شامل ہونے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام جماعتوں کو مل کر پاکستان کو مسائل سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔