کراچی میں الیکشن کمیشن کے صوبائی دفتر کے قریب دھماکا ہوا ہے، بارودی مواد تھیلی میں رکھا گیا تھا، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی کے مطابق کراچی کے علاقے صدر میں واقع الیکشن کمیشن کے صوبائی دفتر کے قریب دھماکا ہوا ہے، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑی صاف کرنیوالے نوجوان نے شاپر دیکھا اور اٹھا کر فٹ پاتھ پر رکھ دیا جس کے تھوڑی دیر بعد دھماکا ہوا گیا، واقعہ خوف و ہراس پھیلانے کی سازش لگتا ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو علاقے میں طلب کرلیا گیا۔
ساجد سدوزئی کے مطابق شاپر کے اندر کنٹینر میں بارودی مواد کیساتھ بم تیار کیا گیا تھا، معمولی نوعیت کا بم تھا جس سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا، دھماکے کے مقام کے اطراف کی سی سی ٹی وی ویڈیو کا جائزہ لے رہے ہیں۔
بلوچستان میں دھماکے
واضح رہے کہ انتخابات قریب آتے ہی بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہوگئی، صوبے کے کئی اضلاع میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا۔
الیکشن کمیشن کے دفاتر، انتخابی ریلیوں، امیدواروں اور ان کے انتخابی دفاتر پر 2 درجن سے زائد حملوں میں 8 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوگئے۔
خیبر پختونخوا میں کئی امیدوار قتل
خیبرپختونخوا میں بھی انتخابی امیدواروں اور دفاتر پر حملے جاری ہیں، کئی امیدواروں کو قتل کردیا گیا، جس کے باعث مختلف حلقوں میں انتخابات بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں۔