پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے ملتان سے بھی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق آئی پی پی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے ملتان سے بھی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 149 ملتان سے بھی متوقع امیدوار ہوسکتے ہیں، انہوں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے۔
ذرائع کے مطابق ملتان سے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے جہانگیر ترین کے کاغذات نامزدگی ان کی ٹیم کی جانب سے کل (اتوار کو) جمع کرائے جانے کا امکان ہے۔
اس سے قبل آئی پی پی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 155 لودھراں سے انتخابی مہم کا آغاز کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ 8 فروری 2024ء کے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل (اتوار کو) آخری روز ہے، الیکشن کمیشن نے 21 تاریخ کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو روز کی توسیع کردی تھی۔