چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر جلد از جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کردیا۔ کہتے ہیں کہ لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق آصف زرداری کو آگاہ کردیا، بہتر ہوگا وہ ہی اس پر جواب دیں، لیول پلیئنگ فیلڈ کا معاملہ اٹھایا ہے، دور کرنے کا موقع دینا چاہئے، کردار کشی مہم کے سلسلے میں ایک جماعت کو نشانہ بنایا جاتا ہے، غلط فہمی ہے کہ پی پی ایک صوبےتک محدود ہوگئی ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سی ای سی اجلاس میں سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس میں ملک میں آئینی بحران کا بھی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جلد از جلد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غیریقینی کے خاتمے کیلئے انتخابات کا فوری اعلان کیا جائے، الیکشن شیڈول کے بعد انتخابی اتحاد کا فیصلہ اور اپنا منشور لائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ کردار کشی مہم کے سلسلے میں ایک جماعت کو نشانہ بنایا جاتا ہے، غلط فہمی ہے کہ پی پی ایک صوبے تک محدود ہوگئی ہے، پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہور سے رکھی گئی تھی، پی پی پی کو دیگر صوبوں سے دور رکھنے کی سازش ہورہی ہے، پیپلز پارٹی خود کو ایک صوبے کی جماعت نہیں سمجھتی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2013ء میں آر او الیکشن کراکے پیپلزپارٹی کو نکالا گیا، 2013ء میں جنرل پاشا اور افتخار چوہدری نے سازش کرکے ہمیں پنجاب سے نکالا، 2018ء میں جنرل فیض، ثاقب نثار اور ایک سیاسی جماعت کا گٹھ جوڑ تھا۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا ہے کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میٹنگ میں لیول پلیئنگ فیلڈ پر بھی بات ہوئی، لیول پلیئنگ فیلڈ پر پارٹی ارکان کے تحفظات ہیں، اس حوالے سے اعتراضات آصف زرداری کے سامنے رکھے، تحفظات پر آصف زرداری کو بات کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، مناسب ہوگا لیول پلیئنگ فیلڈ پر آصف زرداری جواب دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش ہے، پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا جائے، ایک اتحادی کے متعلق کہا جاتا ہے جب مشکل میں ہو تو پاؤں پڑتے ہیں، وہ اتحادی جب مشکل سے نکل جائے تو گلے پڑتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جمہوریت کے ذریعے ہی تمام مسائل کا حل نکل سکتا ہے، تمام جماعتوں کی ذمہ داری ہے معیشت، ریاست، سیاست کو امید دلوانی ہے، الیکشن اپنی بھڑاس نکالنے کا موقع ہے، ہمیں روایتی سیاست کا کردار چھوڑنا ہوگا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ 35 سال کا ہونے والا ہوں، نوجوانوں کے مسائل سمجھتا ہوں، ہم مظلوم اور مشکل میں نہیں، بطور سیاسی جماعت عوام کے پاس جانے کیلئے تیار ہیں۔