برازیل کے جنوبی قصبے میں طوفان نے تباہی مچا دی جس سے 6 افراد ہلاک اور 750 زخمی ہو گئے جبکہ 90 فیصد علاقہ ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ برازیل کے جنوبی ریاست پرانا کے ایک قصبے ریو بونیتو دو ایگواچو میں گزشتہ شب آیا۔
مقامی حکام نے شدید طوفان سے کم از کم 6 افراد کی ہلاکت اور 750 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ قصبے کا زیادہ تر حصہ تباہ ہو گیا،یہ تباہ کن طوفان محض چند منٹ جاری رہا مگر اس دوران ہوا کی رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔ فضائی مناظر میں قصبے کو مکمل طور پر ملبے کے ڈھیر میں تبدیل دیکھا گیا ہے۔
حکام کے مطابق طوفان سے قصبے کا 90 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے۔ پرانا ریاستی حکومت نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 9 کی حالت نازک ہے،ایک شخص لاپتہ ہے تاہم مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ریسکیو ٹیمیں ملبے میں لاشوں اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں جبکہ قریبی علاقے میں عارضی پناہ گاہیں قائم کر دی گئی ہیں۔
ریاستی سول ڈیفنس ایجنسی کے سربراہ فرنینڈو شونگ نے بتایاکہ یہ منظر کسی جنگ کے میدان جیسا ہے چونکہ طوفان شہر کے مرکز سے ٹکرایا، اس لیے مزید جانی نقصان کا خطرہ ہے۔برازیلی صدر لویس اناسیو لولا دا سلوا نے کہا کہ وزراء اور آفات سے نمٹنے کے ماہرین کی ٹیم متاثرہ علاقے روانہ کر دی گئی ہے ۔
موسمیاتی اداروں کے مطابق پرانا، سانتا کاترینا اور ریو گرانڈی دو سل میں خطرناک طوفانی موسم کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پرانا سمیت کئی دیگر شہروں میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور اولوں نے نقصان پہنچایا۔




















