وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی شہداء کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے پولیس لائن پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی، شہداء کے لواحقین سے ملاقات کے موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی آبدیدہ ہو گئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی، ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا جرات اور عزم کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کیا، ریاست ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور کھڑی رہے گی۔
میر سرفراز بگٹی کا کہناتھا کہ ہمارے شہداء نے بہت بڑی قربانی دی، بلوچستان کے عوام ان کے خون کے مقروض ہیں، میرا شہداء کے لواحقین سے وعدہ ہے کہ خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، شہداء کے ورثاء حوصلہ اور صبر کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہناتھا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز نہایت بہادر اور باہمت ہیں، ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائی کی، شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، پوری قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے۔





















