راجن پور کے کچے کے علاقوں میں پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ آپریشن کے دوران مزید 33 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے، جبکہ ڈاکوؤں کے 37 سے زائد ٹھکانے اور بنکرز تباہ کر دیے گئے ہیں۔
ڈی پی او راجن پور محمد عمران کے مطابق کچہ عمرانی، سکھانی، لونڈ کینگ، لٹھانی اور کچا کراچی کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر ڈرون کے ذریعے گولہ باری بھی کی جا رہی ہے۔
ڈی پی او کے مطابق آپریشن میں سرنڈر کرنے والے ڈاکو اغوا، قتل اور ڈکیتی کے درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔ اب تک مجموعی طور پر 342 ڈاکو ہتھیار ڈال چکے ہیں۔
محمد عمران کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکوؤں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی اور علاقے میں امن و امان قائم ہونے تک آپریشن جاری رہے گا۔
ڈی پی او کا کہناتھا کہ ڈاکوؤں کو پولیس کی جانب سے اعلان کیا جارہا ہے کہ وہ گرفتاری دیں نہیں تو ہلاک ہوجائے گئیں ، راجن پور پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور آر پی او ڈیرہ غازی خان نے کچہ کریمنلز کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔





















