کویت نے باضابطہ طور پر اپنا نیا ڈیجیٹل اور جامع "وزٹ کویت” آن لائن پلیٹ فارم متعارف کرادیا جس کے بعد دنیا بھر سے آنے والے مسافروں کے لیے ای ویزا کا حصول مزید آسان ہوگیا ہے۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق کویت نے اپنے نئے ڈیجیٹل پورٹل ’وزٹ کویت‘ کو باضابطہ طور پر فعال کردیا ہے، جس کے ذریعے دنیا بھر کے مسافر اب ای ویزا کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔ یہ پلیٹ فارم رواں سال اگست میں متعارف کرایا گیا تھا جو اب مکمل طور پر فعال ہو چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئے پلیٹ فارم کے ذریعے اب چار اقسام کے ویزے جن میں سیاحتی، خاندانی، تجارتی اور سرکاری ویزے شامل ہیں ایک ہی پورٹل سے دستیاب ہو سکیں گے تاکہ مختلف مقاصد کے تحت آنے والے افراد کے لیے داخلہ عمل کو آسان بنایا جا سکے۔
سیاحتی ویزا: اس ویزے کے تحت ملک کے ثقافتی و تفریحی مقامات کی سیر کے خواہشمند افراد کے لیے تین ماہ تک کے قیام کی اجازت ہوگی۔
خاندانی ویزا: اس ویزے کی بدولت کویت میں مقیم افراد اپنے رشتہ داروں کو 30 دن کے قیام کے لیے یہاں بلا سکیں گے۔
تجارتی ویزا: اس ویزے کا فائدہ ان غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندوں کے لیے ہے جو میٹنگز، تقریبات یا کاروباری مذاکرات میں شریک ہوں یہ ویزا 30 دن کے لیے قابلِ استعمال ہے۔
سرکاری ویزا: یہ ویزا صرف سرکاری وفود اور سفارتی مشنز کے لیے مخصوص ہے۔





















