وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے ہیلی ریسکیو سروسز کیلئے کاوشیں تیزکرنےکی ہدایت کر دی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو دو ہیلی کاپٹرز سے ائیر ایمبولینس شروع کرنے کا حکم دیدیا۔ کہا ادارے کے ریونیو میں اضافے کو شہریوں کے تحفظ پر خرچ کریں گے۔ افسران کو شہریوں کی قیمتی جانیں بچانے کے لئے پر عزم ہونا چاہیے۔
موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو جدید سہولیات دینے اور تحفظ فراہمی کےلیے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیرنے ائیر ایمبولینس کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ این ایچ اے حکام کو 2 ہیلی کاپٹرز سے ائیر ایمبولینس شروع کرنے کی ہدایت کی۔ کہا اہم اسپتالوں کے اندر ہیلی پیڈز بھی بنیں گے۔
عبدالعلیم خان نے بتایا کہ موٹرویز پر حادثات سے نمٹنے کے لئے مؤثر اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں۔ زخمیوں کو کم از کم وقت میں بہترین طبی امداد فراہمی ضروری ہے۔ این ایچ اے کو ایک سال میں مالی فائدہ ہوا، ادارے کو خود مختار بنانا چاہتے ہیں۔ فنڈز ضائع نہیں بلکہ بامقصد منصوبوں پر خرچ کریں گے۔۔ افسران کو قومی جذبے کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ شاہراہوں کو محفوظ، خوبصورت اور آرام دہ بنانا ترجیح ہے۔ این ایچ اے کو معیاری اور شاندار ادارہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چئیرمین این ایچ اے نے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔






















