الیکشن کمیشن نے سرگودھا کے حلقہ پی پی 73 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول بحال کردیا۔ پولنگ 23 نومبر کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پی پی 73 میں ضمنی الیکشن کیلئے امیدوار 20 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں۔ 24 اکتوبر تک کاغذات کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کی جاسکے گی۔ 31 اکتوبر تک اپیلوں پر فیصلے ہو جائیں گے۔
پی پی 73 میں ضمنی الیکشن کیلئے یکم نومبر تک عبوری فہرست جاری ہوگی، جبکہ 3 نومبر تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ 4 نومبر کو انتخابی نشانات جاری ہوں گے جبکہ پولنگ 23 نومبر کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب حکومت کی درخواست پر حلقے میں ضمنی انتخابات ملتوی کیے تھے۔






















