صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اورکزئی میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ دو روز قبل دہشت گردی کرنے والے بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کرنا بڑی کامیابی ہے۔ اس کامیاب آپریشن سے مسلح افواج نے قوم کا عزم مزید مضبوط کر دیا ہے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی مہارت اور عسکری صلاحیتوں نے ہمیشہ بھارتی عزائم خاک میں ملائے۔ قومی سلامتی کے ضامن ادارے ہمیشہ قوم کی دعاؤں میں شامل ہیں۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ کامیاب کارروائی سے پاک فوج نے اپنی طاقت منوائی اور شہداء کا بدلہ لے لیا۔ بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کی سرکوبی غمزدہ خاندانوں کیلئے بھی امید افزا ہے۔






















