گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ باضابطہ طور پر موصول نہیں ہوا۔ استعفیٰ آیا تو منظور کرنے میں وقت نہیں لگاؤنگا۔
سماء سے گفتگو میں گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سرکاری طور پر بھیجی جانے والی چیزیں گیٹ پر نہیں چھوڑی جاتیں۔ میرے لئے آنے والی ڈاک سیکرٹری، سی ایس او یا ایم ایس وصول کرتے ہیں ۔ ان میں سے کسی نے استعفیٰ وصول نہیں کیا۔ استعفیٰ آیا تو منظور کرنے میں وقت نہیں لگاؤنگا۔
دوسری جانب علی امین گنڈا پور نے کہاہے کہ میرا استعفیٰ جلد منظور ہونا چاہیے،صوبے کے کام رکنے نہیں چاہئیں۔ صوبہ بہت سے مسائل کا شکار ہے،نظام کو چلنے دینا چاہیے، ہر کام میں بہتری ہوتی ہے،اس میں بھی یقیناً ہماری بھلائی ہوگی۔
علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی متحد ہے،کہیں کوئی اختلاف نہیں ہے، پختونخوا ہمارا گڑھ ہے، ہمیں سیاسی طور پرشکست نہیں دی جاسکتی، ہم نے ہمیشہ چیلنج کیا ہے کہ ہمیں سیاسی شکست نہیں دے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس وقت ایک اورسازش کررہی ہے،لیکن ہم ناکام بنادیں گے، ہماری لیگل ٹیم میرے استعفے کے معاملے کو دیکھ رہی ہے، سازش کرنےوالےمیرےاستعفے کےمعاملے پرکوئی کھیل کھیل رہےہیں، ہم بانی چیئرمین کے حکم پر من و عن عمل کریں گے۔






















