پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں فوری طور پر 10 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی۔ دفعہ 144 کا نفاذ عوامی مقامات، گلی، محلوں اور کھلے میدان میں چار یا چار سے زائد افراد کے جمع ہونے پر ہوگا۔ مذہبی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر میں فوری طور پر دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا ہے۔ صوبہ بھر کے عوامی مقامات، گلی، محلوں اور کھلے میدان میں چار یا چار سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی تاہم نماز، شادی، جنازہ، دفاتر اور عدالتوں پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے تحت صوبہ بھر میں اسلحے کی نمائش، عوامی اجتماعات اور لاوڈ سپیکرز کےاستعمال پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
دوسری جانب مذہبی جماعت کے احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا، ریڈ زون کو جانے والے 4 راستے اور تمام گیٹس مکمل بند کردیے گئے۔ سرینہ چوک، ایکسپریس چوک، نادرا چوک اور میریٹ چوک کو کنٹینر لگا کر بند کیا گیا، فیض آباد کو مری روڈ، فیض آباد بس اڈا اور زیرو پوائنٹ پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔
وزارت داخلہ نے جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے لیے پی ٹی اے کو مراسلہ جاری کر دیا، موبائل انٹرنیٹ سروس غیر معینہ مدت کے لیے معطل رہے گی۔






















