ملک میں جنوری 2023 کے بڑے پاور بریک ڈاؤن پر نیپرا کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔ کے الیکٹرک کو آپریشنل ذمہ داریوں میں ناکامی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ڈھائی کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے قرار دیا کہ کے الیکٹرک اپنے سسٹم کی کمزوریوں اور خامیوں کا خود ذمہ دار ہے ۔ کمپنی کے جوابات غیراطمینان بخش اور ناقابلِ قبول ہیں ۔ بریک ڈاؤن کی ذمہ داری صرف نیشنل گرڈ پر ڈالنا درست نہیں ۔
فیصلے کے مطابق کے الیکٹرک کو 15 روز کے اندر جرمانہ جمع کروانا ہوگا ۔ فیصلے کے مطابق بلیک اسٹارٹ مشقوں کے باوجود کے الیکٹرک حقیقی بحران میں ناکام رہی ۔ بار بار ٹرپنگ سے ظاہر ہوتا ہے کہ حفاظتی اقدامات مؤثر نہیں تھے ۔ بلیک اسٹارٹ پلانٹس کی تکنیکی خامیاں بدستور برقرار رہیں۔






















