صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ میں متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر تمام ادارے تیار رہیں۔ عوام کو محفوظ مقامات پر منتقلی کے انتظامات مکمل رکھے جائیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سندھ میں متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو تیار رہیں۔ صوبائی، ضلعی اوربلدیاتی ادارے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ شہری علاقوں خصوصاً نشیبی اور ساحلی مقامات پر پیشگی انتظامات یقینی بنائے جائیں، ضلعی اور تحصیل سطح پر ریلیف مشینری اور عملہ ہمہ وقت مستعد رہے، حب ڈیم اور دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جائے۔
صدر مملکت نے کہا کہ میڈیا اورمقامی انتظامیہ عوامی آگاہی مہم میں متحرک کردار ادا کریں، عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔
واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بھارت میں گجرات اور راجستھان سرحد پر موجود بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کو متاثر کر سکتا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق یہ بارشیں 10 ستمبر تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہیں ۔ کوہ سلیمان اور جنوبی پنجاب میں شدید سے انتہائی شدید بارشوں کا امکان ہے۔ سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن مزید تیزاور مؤثر بنانے کاحکم دیدیا۔ نقل مکانی کرنے والوں کی بروقت اور بھرپور امداد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاؤ کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر مؤثر حکمت عملی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں جامع منصوبہ بندی تشکیل دے رہے ہیں۔ پیشگی اطلاعات، مضبوط و پائیدار انفرااسٹرکچر کا نظام مزید مربوط بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔






















