راولپنڈی میں بھی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ای چالان سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
سیف سٹی اور سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق آٹومیٹڈ چالان سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کیمروں کی مدد سے چالان خود بخود جاری کیا جائے گا۔ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، زیبرا کراسنگ کی خلاف ورزی، لین اور لائن توڑنے، مقررہ حدِ رفتار سے تجاوز اور سگنل توڑنے پر ای چالان ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے موصول ہوگا۔
چالان کا جرمانہ بھرنے کا نظام بھی آن لائن ہوگا،مقررہ مدت میں جرمانہ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق خودکار نظام سے ٹریفک مینجمنٹ مزید شفاف اور سڑکیں محفوظ بنائی جا سکیں گی۔ سٹی ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہےچالان سے بچنے کے لیے موٹرسائیکل ہیلمٹ پہنیں اور سڑک پر گاڑی چلانے والے ڈرائیورز ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں۔






















