بلوچستان کے شہر ہرنائی میں گاڑی کے قریب دھماکے میں 11 مزدور جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
لیویز کے مطابق ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں گاڑی کے قریب دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
لیویز کا کہنا ہے کہ دھماکا کوئلے میں کام کرنیوالے مزدوروں کی گاڑی کے قریب ہوا، جاں بحق اور زخمی تمام افراد مزدور ہیں۔
لیویز کے مطابق ہرنائی دھماکے میں جاں بحق اور زخمی مزدوروں کا تعلق سوات سے ہے۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی کا کہنا ہے کہ دھماکا دیسی ساختہ بم کا تھا، دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا، لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔
حضرت ولی کاکڑ نے بتایا کہ 2 شدید زخمیوں کو ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کردیا گیا، دھماکے کے بعد علاقہ سیل کرکے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے، دھماکے کی جگہ کے قریب جیو فینسنگ کی جارہی ہے۔
صدرمملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہرنائی دھماکے میں مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا نہتے اور معصوم شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والےدرندوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے مقامی انتظامیہ کو زخمی مزدوروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی صورت معافی کے مستحق نہیں، بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کیخلاف سخت کارروائی جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ امن دشمنوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے ہرنائی میں دھماکے میں مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ اور معصوم شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ ہوا، سیکیورٹی ادارے ایسے گھناؤنے واقعات کے سدباب میں مصروف ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ انسانیت دشمن اور شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوار رحمت میں جگہ اور غمزدہ خاندانوں کو حوصلہ عطاء فرمائے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار اور اُن کیلئے صبر کی دعا بھی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاہرگ، ہرنائی دھماکے میں مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔